یروشلم میں واقع مسجد اقصی سے دو دن قبل سینکڑوں افراد کو حراست میں لینے کے بعد اسرائیل کی پولیس ایک بار پھر اتوار کی صبح مسجد کے احاطے میں اس وقت داخل ہوئی جب نمازی صبح کی نماز کے لیےجمع ہوئے۔
خلیجی نشریاتی ادارے ‘الجزیرہ’ کے مطابق اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ پولیس اتوار کے روز احاطے میں اس لیے داخل ہوئی تا کہ وہ یہودیوں کے مقدس مقام پر معمول میں ہونے والے دوروں کے لیے سہولت فراہم کر سکے۔
حکام کے مطابق اس موقع پر فلسطینیوں نے پتھروں کا ذخیرہ کر رکھا تھا اور احاطے میں رکاوٹیں کھڑی کر دی تھیں۔
رپورٹس کے مطابق پولیس نے فلسطینیوں کو احاطے سے باہر نکالا جب کہ درجنوں فلسطینی مسجد کے احاطے میں ہی موجود رہے۔
امریکی خبر رساں ادارے ‘ایسوسی ایٹڈ پریس’ کے مطابق دو فلسطینیوں کو حراست میں لیا گیا جب کہ فلسطینی ریڈ کراس کا کہنا ہے کہ دو افراد زخمی ہوئے۔
رپورٹس کے مطابق اسرائیلی پولیس نے مسجد میں اس وقت کارروائی کی جب غیر مسلموں کے لیے تین گھنٹے مختص ہوتے ہیں۔
اسرائیلی فورسز دوبارہ مسجد اقصیٰ کے احاطے میں داخل،کشیدگی میں اضافہ
17
اپریل 2022
