10 ملین ڈالر رشوت کا الزام، آصف زرداری کے خلاف 25 سال پرانا کیس سماعت کیلئے مقرر

13  ‬‮نومبر‬‮  2021

سابق صدر اور پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری کے خلاف 25 سال پرانی نیب اپیلیں سماعت کے لئے مقرر کرلی گئی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق سابق صدر آصف زرداری کے خلاف 25 سال پرانے کیس میں نیب اپیلیں اسلام آباد ہائی کورٹ میں سماعت کے لیےمقرر کرلی گئیں۔ آصف زرداری کے خلاف اُرسز ٹریکٹر اور اے آروائی گولڈ ریفرنسز میں نیب اپیلیں اسلام آباد ہائی کورٹ نے پیر کے روز سماعت کیلئے مقرر کی ہیں۔ اپیلوں پر سماعت چیف جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس عامر فاروق پر مشتمل بنچ کرے گا۔

آصف زرداری پر اے آر وائی گولڈ ریفرنس میں 10 ملین ڈالر رشوت کا الزام تھا، آرسز ٹریکٹر ریفرنس میں ٹریکٹر اسکیم میں ان پر کرپشن کا الزام تھا، احتساب عدالت نے سابق صدر کو دونوں مقدمات میں بری کیا تھا، نیب نے آصف زرداری کی بریت کو چیلنج کر رکھا ہے۔ وکیل فاروق ایچ نائیک نے کہا تھا کہ نیب آصف زرداری کے خلاف کوئی گواہ اور ثبوت پیش نہیں کر سکا ۔ ریفرنس کے مرکزی ملزمان بھی بری ہو چکے ہیں ، ایسے میں شریک ملزم کے خلاف کارروائی جاری رکھنے کا کوئی جواز نہیں۔

نیب نے 2014ء میں آصف زرداری کی بریت کو چیلنج کیا، اور آج تک سابق صدر کو نوٹس نہ ہوسکا، گزشتہ سماعت پر نیب نے نئے پراسیکیوٹر کی تعیناتی تک سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کی تھی۔

 اے آر وائی کو قواعد کے خلاف سونے کی درآمد کا لائسنس دینے اور عوامی ٹریکٹر اسکیم کے لیے روسی ساختہ ٹریکٹروں کی خریداری میں کمیشن وصول کرنے کے الزامات پر نیب نے یہ ریفرنسز تیار کیے تھے۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved