وزیراعظم شہباز شریف نے متعلقہ اداروں کو سینئر صحافیوں اور ان کے گھروں کا تحفظ یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔
وزیراعظم کی ہدایت پر ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب نے انسپکٹر جنرل (آئی جی) پولیس اسلام آباد احسن یونس سے رابطہ کیا اور کہا کہ چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کرنے کی کوشش کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے۔
ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں مریم اورنگزیب کا کہنا تھاکہ آئین نے شہریوں کے بنیادی حقوق اور اظہار رائے کی ضمانت دی ہے، قانون کو ہاتھ میں لینے والوں سے کوئی رعایت نہ کی جائے۔
سینئر صحافی حامد میر، عاصمہ شیرازی سلیم صافی سمیت صحافی برادری کے گھروں کے باہر غنڈہ گردی کی کوشش کرنے والوں سے انتہائی سختی سے نمٹا جائے گا۔ آئی جی اسلام آباد سمیت قانون نافذ کرنے والے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ کسی قسم کی غنڈہ گردی برداشت نہیں کی جائے گی۔
— Marriyum Aurangzeb (@Marriyum_A) April 17, 2022
انہوں نے کہا کہ صحافی برادری سےمکمل یکجہتی اور آمرانہ رویوں کی مذمت کرتے ہیں۔
آئی جی اسلام آباد کا کہنا تھاکہ ذاتی طور پر تمام صورتحال کی نگرانی کر رہا ہوں، وزیراعظم کے احکامات پر سختی سے عمل درآمد کرائیں گے۔