وزیراعظم شہباز شریف سے سعودی سفیر کی ملاقات، وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارکباد

18  اپریل‬‮  2022

وزیراعظم شہباز شریف سے پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف سعید المالکی نے پیر کو وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی۔

اسلام آباد – (اے پی پی): وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق سعودی سفیر نے وزیراعظم شہباز شریف کو وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارکباد دی اور سعودی عرب کی طرف سے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کی خواہش کا اعادہ کیا۔

وزیراعظم نے سعودی ولی عہد کے ساتھ اپنی حالیہ بات چیت کاحوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے کیلئے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

وزیراعظم نے سعودی سفیر سے کہا کہ وہ خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز السعود اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو ان کی نیک تمنائیں پہنچائیں۔ وزیراعظم نے سعودی عرب میں اصلاحات متعارف کرانے کے سعودی قیادت کے ویژن کو سراہا۔  وزیراعظم نے سعودی سفیر کا شکریہ ادا کیا اور پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات بڑھانے میں ان کے اہم کردار کو سراہا۔

وزیراعظم نے سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کے دونوں ممالک کی ترقی میں کردار کو بھی سراہا۔ انہوں نے سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کی فلاح و بہبود اور روزگار کے مواقع فراہم کرنے پر سعودی قیادت اور حکومت کا شکریہ ادا کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین برادرانہ تعلقات باہمی اعتماد، قریبی تعاون اور مشترکہ دلچسپی کے تمام معاملات پر یکساں خیالات پر استوار ہیں۔ انہوں نے دونوں ممالک کے مابین تعاون کے نئے مواقع کے ذریعے تاریخی اور دیرینہ تعلقات کے مزید فروغ کیلئے اپنی حکومت کے عزم پر زور دیا۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved