کلر کہار تفریحی ٹور میں طالبہ کی ہلاکت، ڈائریکٹر کالجز ڈی جی خان نے تحقیقات کیلئے 3 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی

13  ‬‮نومبر‬‮  2021

گریجوایٹ کالج چوک اعظم لیہ کی تفریحی ٹور پر گئی گاڑی کو حادثہ پیش آنے کی صورت میں بی ایس فورتھ سمسٹر کی طالبہ عریج فاطمہ ہلاک جبکہ شمسہ بی بی، نورین ارشد اور حدیقہ الیاس شدید زخمی ہوگئے تھے،  ڈائریکٹر کالجز ڈی جی خان پروفیسر ڈاکٹر شیخ فیاض نے واقعہ کی تحقیقات کیلئے تین رکنی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق حادثہ کھیوڑہ کلر کہار کے تفریحی ٹور سے واپسی پر31 اکتوبر اور یکم نومبر کی درمیانی شب کو پیش آیا جب گوجرہ موٹروے پر طالبات سے بھری ہائی ایس ڈرائیور کو نیند آنے کی وجہ سے ٹرالر کے ساتھ ٹکرا گئی۔

طالبات اور والدین کا موقف

گریجوایٹ کالج کی طالبات کا کہنا ہے کہ کالج انتظامیہ نے تفریحی ٹور پر نہ جانے والی طالبات کو پریکٹیکل کے نمبر کاٹنے کی دھمکی دے کر زبردستی اس سرگرمی میں حصہ لینے کا کہا تھا، اس حوالے سے طالبات کی طرف سے کالج انتظامیہ کا ایک آڈیو میسج بھی ثبوت کیلئے پیش کیا جا رہا ہے جس میں کالج کے پروفیسر تفریحی ٹور پر نا جانے والوں کو پریکٹیکل کے نمبرز کاٹنے اور نقصان اٹھانے کے نتائج کا سامنہ کرنے کی دھمکی دے رہے ہیں۔

جاں بحق اور زخمی طالبات کے والدین کا کہنا ہے کہ پابندی کے باوجود کالج انتظامیہ تفریحی ٹور کیسے لے کر گئی، ان کا مزید کہنا تھا کہ کالج انتظامیہ جاں بحق طالبہ کے والدین کو کمیٹی کے سامنے بیان نہ ریکارڈ کرانے کیلئے اوچھے ہتھکنڈوں کا استعمال کر رہی ہے، ان پر دباؤ ڈالتے ہوئے انہیں سنگین نتائج کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔ جاں بحق طالبہ عریج کے والدین نے حکومت سے شفاف تحقیقات اور مجرمان کو کیفر کردار تک پہنچانے کی اپیل کی ہے۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved