الیکشن کمیشن کو اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا ہے کہ قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی حلقہ بندیوں کا کام تین اگست تک مکمل کر لیا جائے گا۔
اسلام آباد – (اے پی پی): منگل کے روز الیکشن کمیشن آف پاکستان کا اہم اجلاس ہوا جس کی صدارت چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کی ۔ اجلاس میں ممبران الیکشن کمیشن کے علاوہ سیکرٹری الیکشن کمیشن اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی ۔ اجلاس میں صوبائی الیکشن کمشنرپنجاب، سندھ ، بلوچستان اور خیبر پختونخوا نے بھی بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔
اجلاس میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین اور اووسیز ووٹنگ کے بارے میں الیکشن کمیشن کو تفصیل سے بریفنگ دی گئی اور بتایا گیا کہ پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ (پی ایم یو ) پور ی تندہی کےساتھ الیکٹرانک ووٹنگ مشین اور اوورسیز ووٹنگ پر کام کر رہا ہے۔ الیکٹرانک ووٹنگ مشین کی دستیابی اور معیار کو جانچنے کے لئے مختلف اخبارات میں اظہار دلچسپی 12 اپریل 2022 کوشائع کئے جاچکے ہیں ان اشتہارات کےتحت9 کمپنیوں نے اظہار دلچسپی کے لئے کاغذات الیکشن کمیشن سے حاصل کئے۔
کاغذات جمع کرانے کی آخری تاریخ 15اپریل 2022 مقررتھی 7 کمپینوں نے اظہار دلچسپی جمع کرائے ۔الیکشن کمیشن کو یہ کمپنیاں مئی 2022 میں اپنی پراڈکٹ پر تفصیلی بریفنگ دیں گی جس کے بعد الیکشن کمیشن منتخب کردہ کمپنیوں کے ساتھ مل کر پائلٹ پراجیکٹ اور آپریشنل فزیبلٹی پر کام شروع کرے گا۔ الیکشن کمیشن نے پی ایم یو کے افسران کو ہدایات جاری کیں کہ اس پراجیکٹ پر کام جتنی جلدی ممکن ہومکمل کیا جائے تاکہ الیکشن کمیشن اس سلسلے میں ضروری اقدامات اٹھا سکے ۔
اس کے ساتھ ہی الیکشن کمیشن اورسیز ووٹنگ پر بھی مسلسل کام کر رہا ہے۔اس مقصد کے سائبر سیکورٹی اسپیشلسٹس کے اشتراک سے ایک جدید ریسرچ ونگ R&D بھی قائم کیا ھے جہاں مختلف ممالک کے اورسیز ووٹنگ پر تجربات اور سسٹم کا مطالعہ و مشاہدہ کیا جا رہا ہے اور نادرا کے اوورسیز ووٹنگ پر دئیے گئے مختلف آپشنز پر بھی کام جاری ہے۔ان تمام آپشنز میں محفوظ ترین اور سہل ترین آپشن کی عنقریب پائلٹ ٹیسٹنگ کی جائے گی۔الیکشن کمیشن کو انتخابی فہرستوں کی نظر ثانی کے کام کی پیشرفت کے متعلق بریف کیا گیا۔
الیکشن کمیشن نے صوبائی الیکشن کمشنر ز صاحبان کو ہدایات جاری کیں کہ وہ اس کام کی خصوصی طورپر نگرانی کریں اوراس کی تسلی بخش تکمیل کو یقینی بنائیں۔ الیکشن کمیشن کو صوبہ پنجاب، سندھ اور بلوچستان کے بلدیاتی انتخابات کے انعقاد سے متعلق اب تک کئے گئے انتظامات کے بارے میں بریفنگ دی گئی ۔الیکشن کمیشن نے اب تک کے انتظاما ت پر اطمینان کا اظہار کیا اور سپیشل سیکرٹری کو ہدایات جاری کیں کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر تمام انتظامات خصوصاً انتخابی فہرستوں کی بروقت پرنٹنگ اور اضلاع کی فراہمی کے کام کی مانیٹرننگ کریں اور اس کی رپورٹ الیکشن کمیشن کو پیش کریں گے تاکہ انتخابات کے تمام انتظامات کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے ۔
الیکشن کمیشن کو حلقہ بندیوں کے کام کی تکمیل کے لئے بریف کیا گیا کہ ضروری نقشہ جات و دیگر ڈیٹا اس ہفتے کے اختتام تک تمام صوبوں سے موصول ہوجائے گا ۔ الیکشن کمیشن نے حلقہ بندی کمیٹیوں کی ٹریننگ کا انتظام کرلیا ہے اور شیڈول کے مطابق قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی حلقہ بندیاں کا کام 3 اگست 2022ء کو مکمل کر لیا جائےگا ۔الیکشن کمیشن نے ہدایات جاری کیں کہ حلقہ بندیوں کے کام کی بروقت اور میرٹ پر تکمیل کو یقینی بنایا جائے ۔