وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں انتخابی اصلاحات کیلئے آگے بڑھیں، یہ سیاسی نظام کی بہت بڑی کامیابی ہو گی۔
ٹوئٹر پر اپنے بیان میں وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ انتخابی اصلاحات عمران خان یا تحریک انصاف کا ایجنڈا نہیں ہے یہ ایک قومی ایجنڈا ہے، تمام سیاسی جماعتیں تعاون کریں تاکہ ایسا انتخابی نظام ترتیب دیا جائے جس کے تحت تمام قیادت انتخابی نتائج پر اعتماد کرے۔
انتخابی اصلاحات عمران خان یا تحریک انصاف کا ایجنڈا نہیں ہے یہ ایک قومی ایجنڈا ہے، تمام سیاسی جماعتیں انتخابی اصلاحات کیلئے آگے بڑھیں سیاسی نظام کی بہت بڑی کامیابی ہو گی اگر ایسا انتخابی نظام ترتیب دیا جائے جس کے تحت تمام قیادت انتخابی نتائج پر اعتماد کرے
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) November 14, 2021
دوسری جانب وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گل کا ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہنا تھا کہ عمران خان اور تحریک انصاف شروع دن سے انتخابی اصلاحات چاہتے ہیں۔ لیکن بد قسمتی سے ہر جگہ چھوٹے چھوٹے نواز شریف بیٹھے ہیں۔ کوئی دھاندلی سے الیکشن جیتنا چاہتا ہے تو کسی کو ٹیکنالوجی کا خوف ہے اورکوئی قومی اتفاق رائے کے ذریعے احتساب کے خلاف ہے، لیکن عمران خان وقت کا دھارا بدل کر رہیں گے۔
عمران خان اور تحریک انصاف شروع دن سے انتخابی اصلاحات چاہتے ہیں۔ لیکن بد قسمتی سے ہر جگہ چھوٹے چھوٹے نواز شریف بیٹھے ہیں۔ کوئی دھاندلی سے الیکشن جیتنا چاہتا ہے تو کسی کو ٹیکنالوجی کا خوف۔کوئی قومی اتفاق رائے کے زرئیعے احتساب کا مخالف۔
لیکن عمران خان وقت کا دھارا بدل کر رہیں گے۔
— Dr. Shahbaz GiLL (@SHABAZGIL) November 14, 2021
یاد رہے کہ رواں برس جون میں وزیراعظم عمران خان نےبھی قومی اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے اپوزیشن سے درخواست کی تھی کہ وہ انتخابی اصلاحات میں حکومت کے ساتھ تعاون کرے، تاکہ نصف صدی سے زائد انتخابات کے نتائج تسلیم نہ کرنے کی روایت ختم کی جا سکے۔
دوسری جانب اپوزیشن جماعتوں نے حکومت کے ساتھ انتخابی اصلاحات میں تعاون نہ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کی جو بھی تجاویز ہیں وہ الیکشن کمیشن کو دے دیں، ہم بھی الیکشن کمیشن کو اپنی تجاویز دے دیں گے، لیکن براہ راست حکومت سے کوئی بات نہیں کی جائے گی۔