احساس راشن پروگرام کیلئے 4 کروڑ درخواستیں موصول ہوئیں، 10 لاکھ کی رجسٹریشن مکمل ہو گئی، ڈاکٹر ثانیہ نشتر

14  ‬‮نومبر‬‮  2021

وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ و تخفیف غربت  ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا ہے کہ احساس راشن پورٹل ویب کی رجسٹریشن کا عمل شروع ہوچکا ہے، احساس راشن پروگرام میں 40ملین لوگوں نے اب تک درخواست جمع کرائی ہے، ایک ملین افراد کی رجسٹریشن ہو چکی ہے ، اس پروگرام کے تحت گھر کا ایک فرد رجسٹر ہو سکتا ہے، جس کے بعد اس خاندان کو ماہانہ ایک ہزار روپے کی سبسڈی دی جائے گی۔

آج حسن ابدال میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈاکٹر ثانیہ نشتر کا کہنا تھا کہ دکانداروں کو معلومات فراہم کی جارہی ہیں کہ انہوں نے  ویب پورٹل کو کیسے استعمال کرنا ہے۔وزیر اعظم عمرا ن خان کی ہدایت پر دو کروڑ خاندادوں کو ریلیف فراہم کیا جائے گا ، آٹا، گھی، تیل اور دالوں پر سبسڈی دی جائے گی ،آٹے پر22روپے،گھی پر105روپے جبکہ دال پر 55روپے سبسڈی دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی تمام تر توجہ عوام کے مسائل حل کرنے اور غریب عوام کو ریلیف فراہم کرنے پر مرکوز ہے ۔اس سلسلہ میں حکومت مختلف شہروں میں احسا س کفالت پروگرام کے تحت عوام کو خصوصی اشیاء خوردو نوش رعایت نرخوں پر مہیا کرنے کیلئے اقدامات کر رہی ہے ۔

ڈاکٹر ثانیہ نے حال ہی میں شروع کیے گئے احساس راشن پروگرام کے طریقہ کار کے بارے میں کہا کہ میری وزارت مستحق خاندانوں اور کریانہ کے تاجروں کو مرحلہ وار رہنمائی کرتی ہے، پروگرام کے نفاذ، رجسٹریشن کے عمل، اہلیت کے معیار کے بارے میں احساس سروے کے ذریعے فائدہ اٹھانے والوں کی شناخت کی جائے گی۔ کم آمدنی والے خاندان اپنے کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ نمبر اور اس پر جاری کردہ موبائل نمبر کے ساتھ پورٹل پر رجسٹر ہوں گے۔ خاندان کا صرف ایک فرد پورٹل پر اندراج کے لیے اہل ہوگا۔

کریانہ کے تاجر خود کو احساس راشن پورٹل پر بھی رجسٹر کروا سکتے ہیں، کریانہ کے تاجروں کے لیے ایک درست بینک اکاؤنٹ ہونا ضروری ہے ۔انہوں نے کہا کہ بینک اکاؤنٹس کے بغیر کریانہ کے تاجر نیشنل بینک آف پاکستان کی قریبی برانچوں میں اپنے بینک اکاؤنٹس کھول سکتے ہیں۔ کریانہ کے مجاز تاجر جن کے بینک اکاؤنٹس ہیں وہ اپنے سیل فونز میں موبائل پوائنٹ آف سیل ایپلیکیشن ڈاؤن لوڈ کریں گے تاکہ اہل خریداروں کی اہلیت کا پتہ لگایا جا سکے۔

ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا کہ عوام کسی بھی جعلی ایس ایم ایس یا فون کال پر یقین نہ کریں، مستحق افراد یا خاندان سے صرف 8171 سے رابطہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ پروگرام پورے پاکستان میں نافذ ہو چکا ہے جس میں وفاق کی طرف سے 35 فیصد اور صوبوں کی طرف سے 65 فیصد مشترکہ فنڈنگ کی جائے گی۔ انہوں نے میڈیا سے اپیل کی کہ وہ راشن رعایت پروگرام کے سلسلے میں ویب سائٹ کے بارے میں عوام کو زیادہ سے زیادہ آگاہی فراہم کریں۔

وزیراعظم پاکستان کی معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ اور تخفیف غربت ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا ہے کورونا وائرس کی وجہ سے پوری دنیا معاشی بحران میں مبتلا ہے اور وزیراعظم پاکستان عمران خان عوام کو معاشی مشکلات سے نکالنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں۔ راشن رعایت پروگرام کے ذریعے مہنگائی پر قابو پانے میں مدد ملے گی اور اس سے معاشی مشکلات حل ہونگی۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved