پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے نوازشریف کی وطن واپسی پر دوٹوک موقف واضح کر دیا ہے۔
آج ٹوئٹر اسپیس پر گفتگو کے دوران چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان سے سوال کیا گیا کہ اب ملک میں نواز شریف کے بھائی کی حکومت آگئی ہے، اگر نوازشریف پاکستان واپس آتے ہیں تو آپ کیا کریں گے؟
اس سوال پر عمران خان نے جواب دیا کہ مشرف نے انہیں NRO-One دیاجس کے بعد ان سب نے کھل کر کرپشن کی۔ انہوں نے کہا کہ اب اگر نواز شریف کو NRO-Two دیا گیاتو ملک کا انصاف کا سارا سسٹم ڈس کریڈٹ ہوجائے گا ، جو ملک کیلئے بہت ہی خطرناک ثابت ہو گا۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہمارے ملک کابڑا المیہ ہی قانون کی حکمرانی کا نہ ہونا ہے، جب تک ہم طاقتور کو قانون کے نیچے نہیں لائیں گے تب تک ملک ترقی نہیں کر سکتا۔
عمران خان نے مزید کہا کہ اگر نواز شریف کو NRO-Two دیا جاتا ہے، تو وہ اسے بالکل قبول نہیں کریں گے، اور عوام کو سڑکوں پر نکالیں گے۔
یاد رہے کہ عمران خان کا مشرف کے این آر او کے متعلق بڑا واضح موقف ہے کہ یہ ان کی مارشل لاء سے بھی بڑی غلطی تھی۔