وزیر اعظم شہباز شریف سے امریکی رکن کانگریس الہان عمر کی ملاقات

20  اپریل‬‮  2022

وزیراعظم شہباز شریف سے امریکی رکن کانگریس الہان عمر نے ملاقات کی ہے۔

اسلام آباد – (اے پی پی): وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں پاک امریکہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور ، دو طرفہ تعلقات اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ان کے عزم و ہمت اور سیاسی جدوجہد کو سراہتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کے پہلے دورے پر ان کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔

وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ اس سے پاکستان اور امریکی عوام کے درمیان تعلقات مزید گہرے ہوں گے اور پاکستانی پارلیمنٹ اور امریکی کانگریس کے درمیان تبادلہ خیال کو تقویت ملے گی۔ وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ اپنے دیرینہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور باہمی احترام، اعتماد اور مساوات پر مبنی دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط کرنا چاہتا ہے۔ انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ دونوں ممالک کے درمیان تعمیری روابط سے خطے میں امن، سلامتی اور ترقی کو فروغ دینے میں مدد مل سکتی ہے۔اس بات کا ذکر ہوئے کہ امریکہ پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی پارٹنر ہے، وزیراعظم نے دونوں ممالک کے درمیان بالخصوص تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون کو مزید بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔

وزیراعظم نے پاکستان امریکہ تعلقات کو تقویت دینے میں سمندر پار پاکستانیوں کی کوششوں کو سراہا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان قومی ترقی اور نمو میں ان کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔وزیر اعظم نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین صورتحال کو اجاگر کیا اور جموں و کشمیر کے تنازعہ کے پرامن حل کی اہمیت پر زور دیا جس سے خطہ اپنی اقتصادی صلاحیت کر بھرپور طریقے سے بروئے کار لا سکے اور سماجی ترقی کو فروغ دے سکے۔

وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ ایک پرامن اور مستحکم جنوبی ایشیاء ہی اپنی ترقی پر بھرپور توجہ دے سکتا ہے۔وزیراعظم مزید کہا کہ اسلامو فوبیا جیسی برائی سے نمٹنے کے لئے عالمی سطح پر مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔

رکن کانگریس الہان ​​عمر نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ ان کے دورہ پاکستان سے پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔ کانگریس کی خاتون رکن الہان ​​عمر 20 سے 24 اپریل 2022ء تک پاکستان کا دورہ کر رہی ہیں۔ اسلام آباد میں قیادت سے ملاقاتوں کے علاوہ وہ لاہور اور آزاد جموں و کشمیر کا دورہ کریں گی تاکہ پاکستان کی ثقافتی، سماجی، سیاسی اور اقتصادی صلاحیت کو زیادہ سے زیادہ سمجھ سکیں۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved