مریم نواز کی پاسپورٹ واپسی کی درخواست پر سماعت سے معذرت

21  اپریل‬‮  2022

لاہور ہائی کورٹ کے 2 رکنی بنچ نے مریم نواز کی پاسپورٹ واپسی کی درخواست پر سماعت سے معذرت کر لی ہے۔

تفصیلات کے مطابق جسٹس شہباز علی رضوی اور جسٹس انوار الحق پنوں پر مشتمل بنچ نے سماعت کی, عدالت نے درخواست جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں 2 رکنی کے روبرو سماعت کیلئے لگانے کی سفارش کر دی

مریم نواز کی طرف سے عدالت میں احسن بھون ایڈووکیٹ پیش ہوئے، انھوں نے عدالت کو بتایا کہ عدالت نے درخواست گزار کی ضمانت منظور کر رکھی ہے، اور درخواست گزار نے عدالتی حکم پر پاسپورٹ سرنڈر کر رکھا ہے۔وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ مریم نواز عمرے کی ادائیگی کے لیے 27 اپریل کو سعودی عرب جانا چاہتی ہیں، لیکن پاسپورٹ سرنڈر ہونے کی وجہ سے عمرے کی ادائیگی نہیں ہو سکتی۔

عدالت نے درخواست گزار کے وکیل کا مؤقف سننے کے بعد کہا درخواست گزار کی ضمانت جس بنچ نے لی تھی، وہ ہی اس درخواست پر سماعت کرے، ہم درخواست چیف جسٹس کو بھجواتے ہوئے متعلقہ عدالت کے روبرو لگانے کی سفارش کرتے ہیں۔

یاد رہے کہ لاہورہائیکورٹ نے چودھری شوگرملز کیس میں مریم نواز کو ضمانت دیتے ہوئے پاسپورٹ سرنڈر کرنے کا حکم دیا تھا جس کے بعد  مسلم لیگ ن کی نائب صدر نے عمرے پرجانے کی اجازت کے لیے لاہورہائی کورٹ سے رجوع کیا۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved