الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کے فارن فنڈنگ کیس میں پیشرفت نہ ہونے کی خبروں کی تردید کی ہے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری بیان میں کہاگیا ہے کہ پیپلز پارٹی اورمسلم لیگ (ن) کے فنڈز کی سکروٹنی کیلئے 3رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی تھی، نئی سکروٹنی کمیٹی کو 15 مارچ 2022ء کو نوٹیفائی کیاگیاہے ۔
الیکشن کمیشن نے بتایا کہ کمیٹی نے دونوں پارٹیوں سے ریکارڈ طلب کرتے ہوئے سماعت 9 مئی تک ملتوی کی ہے، جبکہ کمیٹی کے چیئرمین سے 28 اپریل کوکیس میں پیش رفت پررپورٹ طلب کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کو پی ٹی آئی کے فارن فنڈنگ کیس کا ایک ماہ میں فیصلہ کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں، جس کے بعد الیکشن کمیشن نے کیس کی روزانہ کی بنیاد پر سماعت کا اعلان کیا ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ اور الیکشن کمیشن کے فیصلے پر ردعمل میں پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ فارن فنڈنگ کیس کی آڑ میں پی ٹی آئی کو میچ سے باہر کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، انہوں نے کہا کہ اس کیس سے کچھ نہیں نکلے گا، لیکن پی ٹی آئی کیساتھ پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے فارن فنڈنگ کیس کا بھی فیصلہ کیا جائے۔