سلامتی کونسل میں مسلم ممالک کی نمائندگی، پاکستان نے او آئی سی کا مطالبہ اقوام متحدہ میں پیش کر دیا

22  اپریل‬‮  2022

پاکستان نے توسیع کی صورت میں سلامتی کونسل میں مسلم ممالک کو مناسب نمائندگی دینے کا اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کا مطالبہ اقوام متحدہ میں پیش کر دیا ہے۔

اقوام متحدہ – (اے پی پی): اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم جو اقوام متحدہ میں 57 رکنی او آئی سی گروپ کے شریک چیئرمین بھی ہیں نے سلامتی کونسل میں اصلاحات کے لیے کام کرنے والی اقوام متحدہ کی بین الحکومتی مذاکرات کے ریاستی گروپ (آئی جی این) کے اجلاس میں درخواست پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس سلسلے میں وہ آئی جی این عمل کے شریک چیئرمینوں کو یہ قرارداد منتقل کریں گے جو گزشتہ ماہ اسلام آباد میں منعقدہ او آئی سی کے وزرائے خارجہ کانفرنس میں منظور کی گئی تھی جس میں متفقہ طور پر سلامتی کونسل کی تشکیل نو میں او آئی سی کے رکن ممالک کو مناسب نمائندگی دینے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔

اقوام متحدہ کی اصلاحات اور سلامتی کونسل کی رکنیت میں توسیع کے موضوع پر مبنی قرارداد میں زور دیا گیا کہ سلامتی کونسل کی اصلاحات اور توسیع کی صورت میں اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے رکن ممالک کو مناسب نمائندگی دینے کو یقینی بنایا جائے۔

قرارداد میں زور دیا گیا کہ او آئی سی کا سلامتی کونسل میں مناسب نمائندگی کا مطالبہ او آئی سی کے رکن ممالک کی آبادی اور سیاسی تناظر کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہےجو نہ صرف کارکردگی میں اضافے کے نقطہ نظر سے خاص اہمیت کا حامل ہے بلکہ ادارے میں اس کی نمائندگی کو بھی یقینی بناتا ہے۔

پاکستانی مندوب منیر اکرم نے کہا کہ میں اقوام متحدہ میں او آئی سے گروپ کے شریک چیئرمینوں سے قطر کی سفیر عالیہ احمد سیف الثانی اور ڈنماکر کے سفیر مارٹن بلے ہرمن گزارش کرتا ہوں کہ وہ اپنے کامن ایلیمنٹس پیپر میں نہ صرف چھوٹے جزیرے کی ترقی پذیر ریاستوں (ایس آئی ڈی ایس) بلکہ او آئی سی کے رکن ممالک کو شامل کیا جانا چاہیے۔

واضح رہے کہ اقوام متحدہ کی 15 رکنی سلامتی کونسل کی اصلاحات پر رکن ریاستیں تقسیم کا شکار ہیں جن میں جی 4ممالک بھارت،برازیل،جرمنی اور جاپان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں مستقل نشستوں میں اضافہ کی حمایت کر رہے ہیں جبکہ پاکستان اور اٹلی کی قیادت میں اتفاق رائے کے لیے اتحاد (یو ایف سی) نامی گروپ مستقل ممبران کی تعداد میں اضافے کی مخالفت کر رہا ہے۔ سلامتی کونسل اس وقت 5مستقل رکن ممالک برطانیہ، چین،فرانس روس اور امریکا جبکہ 10 غیر مستقل اراکین پر مشتمل ہے۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved