ڈاکٹر شہباز گل کا سابق چیف جج گلگت بلتستان رانا شمیم پر مقدمہ دائر کرنے کا مطالبہ

15  ‬‮نومبر‬‮  2021

وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ سابق چیف جج گلگت بلتستان ڈاکٹر رانا شمیم پر مقدمہ دائر ہونا چاہیے کہ انہوں نے اتنا اہم قومی راز 3 سال تک کیوں چھپائے رکھا؟

ٹوئٹر پر اپنے بیان میں ڈاکٹر شہباز گل کا کہنا تھا کہ جج شمیم کواچانک خواب آنے کی وجہ مریم صفدر کی 17 تاریخ کو لگنے والی اپیل ہے جس میں وہ ہر صورت تاخیر کروانا چاہتی ہیں۔سب سے پہلے تو جج شمیم پر FIR ہونی چاہیے کہ انہوں نے یہ راز اتنے سالوں تک چھپا کر کیوں رکھا۔دوسرا رانا صاحب ساہیوال سے نکل کر گلگت میں جج کیسے اور کس حکومت میں لگے، اس کی بھی جواب دہی ہونی چاہیے۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی کا مزید کہنا تھا کہ تیسرا لگے ہاتھوں شمیم صاحب ایک کپ چائے نواز شریف اور مریم صاحبہ کے ساتھ پی کر یہ بھی بتا دیں لندن کے اپارٹمنٹس کے پیسے کہاں سے آئے،  ابھی اور ڈرامے بھی ہوں گے، عدالتوں پر اثرانداز ہونے کی کوشش کر کے مریم بی بی کی اپیل کو رکوانے کے لئے ویڈیو بنانے سے خواب سنانے تک کی بجائے رسیدیں دیں۔

یاد رہے کہ سابق چیف جج سپریم اپیلیٹ کورٹ آف گلگت جسٹس ڈاکٹر رانا محمد شمیم نے اپنے بیان حلفی میں کہا ہے کہ سابق چیف جسٹس پاکستان ثاقب نثار نے میری موجودگی میں ہائیکورٹ کے جج کو فون کال پہ کہا تھا کہ نوزشریف اور مریم نواز کی 2018ء کے عام انتخابات سے پہلے ضمانت کی درخواست منظور نہیں کرنی۔ جسٹس ڈاکٹر رانا محمد شمیم نے مزید کہا کہ اس سے پہلے ثاقب نثار کافی پریشان تھے لیکن فون پر بات ہونے کے بعد وہ پرسکون ہو گئے تھے۔

جس پر ردعمل میں سابق چیف جسٹس پاکستان جسٹس (ر) ثاقب نثار نے کہا ہے کہ رانا شمیم نے جو الزام لگایا وہ بالکل لغو اور بے بنیاد ہے۔ میں نے رانا شمیم کا ایک آرڈر کالعدم قرار دیا جس کا اسے رنج تھا۔ مزید کہا کہ رانا شمیم نے گلہ کیا کہ میں نے اس کی ایکسٹینشن رکوائی ہے جبکہ میرا  ایکسٹینشن رکوانے میں کوئی کردار نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے کو دیکھ رہا ہوں کہ ان الزامات پر کیا کیا جا سکتا ہے۔





About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved