اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق چیف جج گلگت بلتستان رانا شمیم کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کر دیا

15  ‬‮نومبر‬‮  2021

اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق چیف جج گلگت بلتستان ڈاکٹر رانا شمیم کو ہائیکورٹ پر الزام تراشی کرنے پر توہین عدالت کا نوٹس جاری کر دیا ہے۔

اس سے قبل اسلام آبادہائیکورٹ نے رانا شمیم کے الزامات میں ہائیکورٹ کے جج کا نام آنے پر نوٹس لیا تھا ، جس پر چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ اطہر من اللہ  نے سماعت کی ۔

سماعت کے بعد اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق چیف جج گلگت بلتستان ڈاکٹر رانا شمیم کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کرتے ہوئے کل صبح 10 بجے طلب کر لیا ہے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے چیف ایڈیٹر جنگ نیوزمیر شکیل الرحمٰن، ایڈیٹر دی نیوز عامر غوری اور صحافی انصار عباسی کو بھی نوٹس جاری کرتے ہوئے کل کی سماعت میں طلب کر لیا ہے۔اس کے ساتھ اسلام آباد ہائیکورٹ نے اٹارنی جنرل جاوید خان کو بھی کل کی سماعت میں ذاتی حیثیت میں طلب کیا ہے۔

یاد رہے کہ سابق چیف جج سپریم اپیلیٹ کورٹ آف گلگت جسٹس ڈاکٹر رانا محمد شمیم نے اپنے بیان حلفی میں کہا ہے کہ سابق چیف جسٹس پاکستان ثاقب نثار نے میری موجودگی میں ہائیکورٹ کے جج کو فون کال پہ کہا تھا کہ نوزشریف اور مریم نواز کی 2018ء کے عام انتخابات سے پہلے ضمانت کی درخواست منظور نہیں کرنی۔ جسٹس ڈاکٹر رانا محمد شمیم نے مزید کہا کہ اس سے پہلے ثاقب نثار کافی پریشان تھے لیکن فون پر بات ہونے کے بعد وہ پرسکون ہو گئے تھے۔

جس پر ردعمل میں سابق چیف جسٹس پاکستان جسٹس (ر) ثاقب نثار نے کہا ہے کہ رانا شمیم نے جو الزام لگایا وہ بالکل لغو اور بے بنیاد ہے۔ میں نے رانا شمیم کا ایک آرڈر کالعدم قرار دیا جس کا اسے رنج تھا۔ مزید کہا کہ رانا شمیم نے گلہ کیا کہ میں نے اس کی ایکسٹینشن رکوائی ہے جبکہ میرا  ایکسٹینشن رکوانے میں کوئی کردار نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے کو دیکھ رہا ہوں کہ ان الزامات پر کیا کیا جا سکتا ہے۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved