ڈائریکٹوریٹ آف میونسپل ایڈمنسٹریشن کے اسپیشل آڈٹ میں قومی خزانے کو اربوں روپے نقصان کا انکشاف ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق سپیشل آڈٹ میں سینٹورس مال، دامن کوہ، شکرپڑیاں، جی نائن اڈا کے ٹھیکوں میں بڑے پیمانے پر بے ضابطگیاں ہوئیں۔ چیف آفیسر ایم سی آئی علی اصفر اور دیگر افسران خزانے کو اربوں روپے نقصان پہنچانے کے ذمہ دار قرار دیا گیا۔
آڈٹ رپورٹ کے مطابق کنٹریکٹرز کو خلاف ضابطہ 85 کروڑ روپے سے زائد فائدہ پہنچایا گیا۔ لیاقت علی خان اینڈ کو سے ایف نائن پارک میں واقع میگازون باؤلنگ کلب سے 14 کروڑ 64 لاکھ روپے وصول نہیں کئے گئے۔ سینٹورس مال، دامن کوہ، شکرپڑیاں، جی نائن اڈا اور ڈپلومیٹک شٹل سروس کے ٹھیکوں میں قومی خزانے کو بھاری نقصان ہوا۔ ڈی ایم اے کی جانب سے وصولیاں کرنے کیلئے کوئی سنجیدہ کوشش کی گئی اور نہ ہی کنٹریکٹر کے خلاف کوئی ایکشن لیا۔
النورشٹل سروس نے 10 فیصد سکیورٹی ڈیپازٹ اور 10 فیصد ودہولڈنگ ٹیکس جمع نہیں کرایا۔ جی نائن بس اسٹینڈ پر 19 دکانیں/سٹالز جبکہ سینٹورس مال پر 2 سٹالز خلاف ضابطہ الاٹ کئے گئے۔ ڈی ایم اے انتظامیہ نے عباسین اوریز سے 17 کروڑ روپے وصول نہیں کئے ۔ عباسین اوریز کو دامن کوہ پارکنگ کا بھی ٹھیکہ دیا گیا، سکیورٹی ڈیپازٹ اور ودہولڈنگ ٹیکس کی مد میں 12لاکھ روپے وصول نہیں کئے۔