ملک بھر میں رمضان المبارک کے باوجود غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ جاری

23  اپریل‬‮  2022

ملک بھر میں شدید گرمی کے دوران بجلی کی بدترین لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے جس کے باعث عوام  کی زندگی اجیرن  کر دی گئی ہے ۔

تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں رمضان المبارک کے مقدس مہینے کے باوجود بجلی کی اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ جاری ہے جس کے باعث  شہریوں کو سحری اور افطاری سمیت روز مزہ کے کاموں میں مشکلات پیش آرہی ہیں ، حتیٰ کہ تراویح کے دوران بھی عوام کو بجلی سے محروم کردیا جاتا ہے۔

ملک کے تمام بڑے شہروں کراچی ،لاہور، راولپنڈی، کوئٹہ، پشاور، ملتان، بدین  اور سوات سمیت کئی شہروں میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ بڑھ گیا ہے اور خاص طور پر گزشتہ دو ہفتوں کے دوران بجلی کی لوڈ شیڈنگ میں شدید اضافہ کیا گیا ہے۔

کراچی کے شہری ماہ رمضان میں بد ترین لوڈ شیڈنگ کا سامنا کررہے ہیں، کے الیکٹرک نے شہر میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ بڑھا دیا ہے ، کے الیکٹرک نے سحری کے وقت صارفین کو لوڈ شیڈنگ کے پیغامات ایس ایس ایم کردیتی ہے۔

کے الیکٹرک نے نیشنل گرڈ سے بجلی کی معمولی کمی کو جواز بنا کر شیر میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ بڑھا دیا۔ شہر کے مختلف علاقوں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ سحری میں شروع کر دی گئی ہے۔

کراچی میں حالیہ رمضان میں ان علاقوں میں بھی لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہیں جو لوڈشیڈنگ سے مستثنٰی ہیں اور وہاں گزشتہ کئی سالوں سے بجلی نہیں جاتی تھی اب وہاں بھی بجلی گھنٹوں تک غائب رہتی ہے۔

کراچی میں ایک ماہ پہلے تک جن علاقوں میں بجلی صرف ایک ایک گھنٹے کے لیے غائب ہوتی تھی اب وہاں بھی بجلی کی 3 ،3 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ اس کے علاوہ ہوتی ہے، ماہ مقدس کے باوجود مختلف علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 8 سے 15 گھنٹوں تک پہنچ چکا ہے۔

کراچی کے علاقے گلستان جوہر ، پہلوان گوٹھ ، لیاقت آباد ، میمن گوٹھ ، گڈاپ ، گلشن معمار ، ماڈل کالونی ، شاہ فیصل کالونی ، کھوکھرا پار ، کورنگی ، خواجہ اجمیر نگری ، نصرت بھٹو کالونی ، قائد آباد، لانڈھی ، ملیر میں بھی بدترین لوڈ شیڈنگ جاری  ہے۔

اس حوالے سے ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا تھا کہ نیشنل گرڈ سے تقریباً 300 میگاواٹ بجلی کی کمی سے ترسیل متاثر ہوئی ہے ، ‏لوڈشیڈنگ کے دورانیہ میں عارضی اضافہ نیشنل گرڈ سے کے الیکٹرک کو بجلی کی ترسیل میں کمی کے باعث کیا گیا ہے۔

پنجاب کے شہری علاقوں میں 8 سے 9 گھنٹے اور دیہی علاقوں میں 10 سے 12 گھنٹے لوڈ شیڈنگ جاری ہے۔

پاور ڈویژن کے مطابق ملک میں بجلی کی پیداوار17ہزارمیگاواٹ اور طلب 19ہزار میگاواٹ تک جاپہنچی ہے، دوپہر اور شام کے اوقات میں بجلی کی طلب 21 ہزار میگاواٹ  تک ہو جاتی  ہے۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved