پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کےسابق چیف جج ڈاکٹر رانا شمیم نے ن لیگ سے پیسے پکڑ کر نوازشریف اور مریم نواز کے کیسز کے متعلق حلفی بیان دیا ہے۔
یاد رہے کہ سابق چیف جج سپریم اپیلیٹ کورٹ آف گلگت بلتستان جسٹس ڈاکٹر رانا محمد شمیم نے اپنے بیان حلفی میں کہا ہے کہ سابق چیف جسٹس پاکستان ثاقب نثار نے میری موجودگی میں ہائیکورٹ کے جج کو فون کال پہ کہا تھا کہ نوزشریف اور مریم نواز کی 2018ء کے عام انتخابات سے پہلے ضمانت کی درخواست منظور نہیں کرنی۔
نجی چینل اے آر وائی نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رہنماء پاکستان تحریک انصاف فیصل واوڈا کا مزید کہنا تھا کہ ایسے ججز کو جن کا ضمیر دیر سے جاگتا ہے، انہیں جوتے مارنے چاہئیں، انہوں نے قوم کو بیوقوف سمجھا ہوا ہے۔
پروگرام میں ترجمان نواز شریف و مریم نواز محمد زبیر نے کہا کہ جسٹس رانا شمیم کی لندن میں میاں نوازشریف سے کوئی ملاقات نہیں ہوئی، جو الزامات لگے ہیں ان کی شفاف تحقیقات ہونی چاہئیں، اس سے سابق چیف جسٹس پاکستان ثاقب نثار کی پوزیشن بھی واضح ہو جائے گی۔