اٹارنی جنرل آف پاکستان خالد جاوید خان نے اپنا غیر ملکی دورہ منسوخ کرتے ہوئے کل اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیش ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اٹارنی جنرل نے اس معاملے کی حساسیت کو دیکھتے ہوئے وزیر اعظم کی ہدایت پر دورہ منسوخ کیا ہے۔
اٹارنی جنرل نے بین الاقوامی معاہدے کیلئے آج رات بیرون ملک روانہ ہونا تھا، جسے اب دوبارہ شیڈول کیا جائے گا۔ خالد جاوید خان کل سابق چیف جج گلگت بلتستان کے توہین عدالت کیس میں اسلام آباد ہائیکورٹ پیش ہوں گے، جہاں انہیں ذاتی حیثیت میں طلب کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ سابق چیف جج سپریم اپیلیٹ کورٹ آف گلگت بلتستان جسٹس ڈاکٹر رانا محمد شمیم نے اپنے بیان حلفی میں کہا ہے کہ سابق چیف جسٹس پاکستان ثاقب نثار نے میری موجودگی میں ہائیکورٹ کے جج کو فون کال پہ کہا تھا کہ نوزشریف اور مریم نواز کی 2018ء کے عام انتخابات سے پہلے ضمانت کی درخواست منظور نہیں کرنی۔ رانا محمد شمیم کے الزامات پر اسلام آباد ہائیکورٹ نے ازخود نوٹس لیا اور کیس کی سماعت کی، جس کے بعد اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق چیف جج گلگت بلتستان ڈاکٹر رانا شمیم کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کرتے ہوئے کل صبح 10 بجے طلب کر لیا ہے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے چیف ایڈیٹر جنگ نیوزمیر شکیل الرحمٰن، ایڈیٹر دی نیوز عامر غوری اور صحافی انصار عباسی کو بھی نوٹس جاری کرتے ہوئے کل کی سماعت میں طلب کر لیا ہے۔اس کے ساتھ اسلام آباد ہائیکورٹ نے اٹارنی جنرل جاوید خان کو بھی کل کی سماعت میں ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا گیا ہے۔