ملک کے مختلف شہروں میں طویل دورانیےکی لوڈشیڈنگ سے شہری پریشان ہیں، ماہ رمضان اور سخت گرمی میں بجلی کی بندش نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنادی ہے۔
کراچی کو نیشنل گرڈ سے ایک ہزار میگاواٹ بجلی کی فراہمی سے بھی لوڈشیڈنگ کے دورانیے میں واضح فرق نہ آسکا۔
د وسری جانب ذرائع نے انکشاف کیا ہےکہ کراچی میں 100 میگاواٹ کا سائٹ بجلی گھر متبادل فیول پر نہیں چلایا جارہا اور پلانٹ گیس نہ ہونے کے سبب بند ہے لیکن ڈیزل پر نہیں چلایا جا رہا ۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بحران کی ایک وجہ کے الیکٹرک کے 900 میگا واٹ بجلی گھر منصوبے میں ایک سال کی غیر معمولی تاخیر بھی ہے۔
نیپرا بجلی گھر منصوبے میں تاخیر اور آدھی رات کے وقت لوڈشیڈنگ کا نوٹس لینے میں بھی ناکام ہے۔
کے الیکٹرک کا دعویٰ ہےکہ آج بجلی کی دستیابی کی صورتِ حال بہتر ہے ، بجلی بندش کے دورانیے میں ڈیڑھ گھنٹہ کمی کردی ہے۔
کراچی کے علاوہ لاہور، راولپنڈی،کوئٹہ، پشاور، ملتان، بدین اور سوات سمیت کئی شہروں میں بجلی غائب ہونے کا دورانیہ بڑھ گیا ہے۔
پنجاب کے شہری علاقوں میں 8 سے 9 گھنٹے اور دیہی علاقوں میں دس سے بارہ گھنٹے لوڈ شیڈنگ جاری ہے۔