پی ٹی آئی نے منحرف اراکین کیخلاف الیکشن کمیشن سے بڑا مطالبہ کر دیا ۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے الیکشن کمیشن سے پی ٹی آئی کے منحرف اراکین کو نا اہل کرنے کا مطالبہ کردیا۔
جہلم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ قومی اسمبلی کے 22 اور صوبائی اسمبلی کے 26 ارکان کے خلاف ہم نے ریفرنس بھیجے، الیکشن کمیشن ابھی تک ریفرنس اپنے پاس رکھ کر بیٹھا ہوا ہے۔فواد چوہدری نے کہا کہ الیکشن کمیشن ارکان اسمبلی کو نااہل کرے، پاکستان میں سیاسی کشیدگی کی وجہ مقدمات کا فیصلہ نہ ہونا ہے۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ اسلام آباد کی حکمرانی کا فیصلہ الیکشن سے ہونا ہے، پاکستان میں الیکشن کے علاوہ کوئی حل نہیں، تمام الیکشن کمیشن دفاتر کے باہر پُرامن احتجاج کریں گے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ یہ نگراں حکومت ہے کوئی پالیسی فیصلہ نہیں لے سکتے، اگر یہ پالیسی فیصلہ لینے کی کوشیش کریں گے تو ہم ایسا نہیں کرنے دیں گے۔دوسری جانب عمران خان کی زیرصدارت تحریک انصاف کی سیاسی کمیٹی کے اجلاس میں الیکشن کمیشن کے معاملات کا جائزہ لیا گیا۔پاکستان تحریک انصاف نے اعلان کیا کہ تحریک انصاف 26 اپریل بروز منگل پورے ملک میں الیکشن کمیشن کے دفاتر کے سامنے الیکشن کمیشنر کے رویئے کے خلاف احتجاج کرے گی۔انہوں نے بتایا کہ تحریک انصاف کی تمام ضلعی تنظیموں کو اس سلسلے میں ہدایات جاری کی جارہی ہیں۔
اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ چیف الیکشن کمشنر نے جانبداری اور بددیانتی کی انتہا کردی ہے، منصوبے کے تحت ابھی تک منحرف اراکین کی اسمبلی سیٹ ختم کرنے کی ڈیکلریشن نہیں کی جارہی۔