امریکی رکن کانگریس مسئلہ کشمیر پر بھارت کے خلاف کھل کر بول پڑیں

24  اپریل‬‮  2022

امریکی کانگریس کی مسلمان رکن الہان عمر نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کو موجودہ حالات میں عالمی سطح پرپہلے سے زیادہ اوربھرپور اندازمیں پیش کرنے کی ضرورت ہے ،آزاد جموں و کشمیر میں بھارتی فوج کی بربریت سے متاثرین کی تکلیف دیکھ کردل خون کی آنسوروتا ہے، کانگریس میں مسئلہ کشمیر کو اٹھانا پہلے سے زیادہ ضروری ہو گیا ہے۔

لاہور – (اے پی پی): امریکی رکن کانگریس الہان عمر نے ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان کے ساتھ انٹرویو میں کہا کہ آزاد جموں و کشمیر میں بھارتی فوج کے ہاتھوں زخمی ہونے والوں کی عیادت کے دوران دلخراش واقعات کے بارے میں سننا میری زندگی کا ایک تلخ تجربہ ہے، ان انسانیت سوز مظالم کے خلاف اور انسانی حقوق کے لیے آواز بلند کرنا میری اولین ذمہ داری ہے،پاکستانی اوورسیز کمیونٹی کا امریکہ کی ترقی میں ایک بہت بڑا کردار ہے جس کو فراموش نہیں کیا جا سکتا ہے۔

الہان عمرنے کہا کہ انہوں نے آزاد کشمیر کے دورے کے دوران بھارتی فوج کے ہاتھوں زخمیوں کی عیادت کی اور انہیں بھارتی مظالم کی داستان اپنی آنکھوں سے دیکھنے کا موقع ملاجس پر بہت دکھ اور افسوس ہوا،پہلے میں نے صرف ان مظالم کے بارے میں سنا تھا لیکن پہلی بار لائن آف کنٹرول پر دورہ کے دوران بھارت کی جانب سے ان خلاف ورزیوں کو دیکھنے کا موقع ملا،میں نے پہلے بھی کشمیر اور فلسطین میں ہونے والے مظالم پر کانگریس میں آواز بلند کی ہے ، اب پہلے کی نسبت زیادہ اور بھرپورہ انداز سے ان مظالم کے خلاف آواز بلند کروں گی۔امریکی رکن کانگریس نے کہا کہ میں نے بہت کم عمر میں جبراور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا سامنا کیا ہے جو کہ ایک نہایت ہی تلخ حقیقت ہے ،آج میں ان مظلوم لوگوں کی وجہ سے اقتدار میں آئی ہوں ،اس لیے ان کے حقوق کی وکالت کرنا میں اپنا فرض سمجھتی ہوں۔

انہوں نے مزید کہا کہ میں اپنے اس دورہ کے مثبت اور حسین لمحات کو جب میں سوشل میڈیا پر شیئر کروں گی، مجھے امید ہےکہ وہ تمام لوگ جو میرے تجربات سے واقف ہوں گے ٹکٹ خرید کر لاہور جانا پسند کریں گے۔ایک سوال کے جواب میں ا نہوں نے کہا کہ میں نے پانچ سال کی عمر سے لاہور کو فلموں میں دیکھا ہے لیکن ذاتی طور پر لاہور جانا اور پنجابی ثقافت کو دیکھنا ایک ناقابل فراموش تجربہ ثابت ہوا ہے،لاہور کے لوگ بہت مہمان نواز ہیں،مجھے اور میرے شوہر کو پاکستانی کھانے بہت پسندہیں۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved