سابق حکومت کی موثر پالیسیوں کے باعث ٹیکسٹائل برآمدات میں رواں مالی سال کے دوران 25.43فیصد اضافہ ہوا ہے۔
ادارہ برائے شماریات پاکستان (پی بی ایس) کے اعدادو شمار کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 9ماہ میں جولائی تا مارچ 2021-22ء کے دوران برآمدات کی مالیت 14.242ارب ڈالر تک بڑھ گئی جبکہ گذشتہ مالی سال کے اسی عرصہ میں جولائی تا مارچ 2020-21ء کے دوران ٹیکسٹائل برآمدات سے 11.355 ارب ڈالر زرمبادلہ کمایا گیا تھا۔
اس طرح گذشتہ مالی سال کے پہلے نو مہینوں کے مقابلہ میں رواں مالی سال کے اسی عرصہ کے دوران ٹیکسٹائل کی قومی برآمدات میں 2.887ارب ڈالر یعنی 25فیصد سے زیادہ کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے ۔
پی بی ایس کے مطابق اس دوران سوتی دھاگہ کی برآمدات 25.97فیصد اضافہ سے 721.216ملین ڈالر کے مقابلہ میں 908.487ملین ڈالر جبکہ خام روئی کی برآمدات 1009.03فیصد اضافہ سے 0.593ملین ڈالر کے مقابلہ میں 6.577ملین ڈالر تک پہنچ گئیں۔
اسی طرح سوتی کپڑے کی برآمدات میں بھی 26.51فیصد جبکہ نیٹ وئیرز کی برآمدات میں 34.12فیصد اور بیڈوئیرز کی برآمدات میں 19.33فیصد بڑھوتری ریکارڈ کی گئی ہے ۔
مزید برآں گذشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال میں تولیہ کی برآمدات 18.42فیصد، آرٹ ، سلک اینڈ سینتھیٹک کی برآمدات میں 27.63فیصد، میڈالپس کی برآمدات میں 10.84فیصد اور متفرق ٹیکسٹائلز مصنوعات کی برآمدات میں 20.01فیصد اضافہ ہوا ہے ۔