مسلم لیگ ن کے رہنما عطا تارڑ کا کہنا ہے کہ ہم پر امن لوگ ہیں ورنہ گورنر ہاؤس سے کسی کو نکالنا بہت معمولی بات ہے۔
مسلم لیگ ن کے رہنما عطا تارڑ کا کہنا ہے کہ گورنر پنجاب آئینی بحران پیدا کرنا چاہتے ہیں۔عطا تارڑ نے کہا کہ عمران خان اورگورنر پنجاب ضد پر اڑے ہیں، یہ پنجاب کو مزید بحرانی کیفیت میں دھکیلنا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ لوگ چاہتے ہیں آئینی بحران کوبڑھایا جائے، گورنر عمر سرفراز چیمہ نے آئین کو پامال کیا ہے۔
ن لیگی رہنما نے کہا کہ ہم چاہتے کسی بھی آئینی عہدے دار سے حلف لے سکتے تھے، صدر پاکستان کو دوبارہ ایڈوائس بھیجی گئی۔عطا تارڑ نے مزید کہا کہ وزیراعظم کی جانب سے یادہانی کے باوجود کوئی عمل نہیں ہوا، عدالتی آرڈر سے انحراف درست نہیں۔انہوں نے کہا کہ گورنر پنجاب غیر آئینی طور پر گورنر ہاؤس میں بیٹھے ہوئے ہیں، ہم پرامن لوگ ہیں ورنہ گورنر ہاؤس سے کسی کو نکالنا بہت معمولی سی بات ہے۔