لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کے شیڈول کا نوٹیفکیشن معطل کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہورہائی کورٹ میں پنجاب لوکل گورنمنٹ آرڈینس 2021 کے خلاف دائردرخواستوں پر سماعت ہوئی۔لاہور ہائی کورٹ کے دورکنی اسپیشل بنچ نے نوجون سے شروع ہونے والے بلدیاتی الیکشن کے شیڈول کو معطل کیا۔
عدالت تے ایڈوکیٹ جنرل پنجاب کو 27 اے کا نوٹس جاری کرتے ہوئے معاونت کے لیے 24 مئی کو طلب کرلیا۔درخواست گزار نے عدالت کے سامنے مؤقف رکھا کہ آرڈیننس ایک انتظامی عمل ہے قانونی نہیں، اس کے ذریعے قانون معطل نہیں کیا جاسکتا۔وکیل درخواست گزار نے یہ مؤقف اپنایا کہ آرڈیننس جاری کرتے وقت قانونی تقاضے پورے نہیں کیے گئے۔ آرڈیننس جاری کرتے وقت سپریم کورٹ کی ہدایات کو نظر انداز کیا گیا۔
درخواست گزار کی جانب سے وکیل نے یہ مؤقف بھی پیش کیا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ پہلے ہی لوکل گورنمنٹ آرڈیننس غیر قانونی قرار دے چکی۔ استدعا ہے کہ عدالت لوکل گورنمنٹ آرڈیننس 2021 کو کالعدم قرار دے۔