او آئی سی کی فلسطین پر اسرائیلی جارحیت کی مذمت

25  اپریل‬‮  2022

اسلامی تعاون تنظیم او آئی سی نے مقبوضہ علاقوں پر فلسطینی عوام کی بالادستی کی تائید و حمایت جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔
غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق او آئی سی کے سیکریٹری جنرل حسین طہ نے مسجد اقصیٰ پر اسرائیل کے مسلسل جارحانہ اقدامات پرغوروخوض کے لیے بلائے گئے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اوآئی سی مقبوضہ علاقوں پر فلسطینی عوام کے حق کی لامحدود حمایت اور مدد کی پابند تھی، ہے اور رہے گی۔ مشرقی القدس کو فلسطینی دارالحکومت بنانے کے حامی ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ قبلہ اول مسجد اقصی سے دنیا بھر کے مسلمانوں کا رشتہ اٹوٹ ہے۔ بیت المقدس کی مذہبی اور روحانی وابستگی سے کبھی دستبردار ہوئے ہیں اور نہ ہوں گے۔
او آئی سی کے سیکریٹری جنرل نے اجلاس کو بتایا کہ موثر بین الاقوامی فریقوں کے نام خطوط لکھے ہیں جس میں واضح کیا گیا ہے کہ او آئی سی غاصب اسرائیلی حکام کی کوششوں کو مسترد اور اس کے اقدامات کی مذمت کرتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مسجد اقصی کو تقسیم کرنے کرنے کے مخالف تھے اور رہیں گے۔ اسرائیلی حکام مسجد اقصی کو مسلمانوں اور یہود کے درمیان تقسیم کرنے کے لائحہ عمل پر کام کررہے ہیں۔ وہ عبادت کے اوقات بھی اپنے طور پر تقسیم کرنے کی پالیسی پر گامزن ہیں۔
ہنگامی اجلاس انڈونیشیا کی درخواست پر بلایا گیا ہے۔ اسلامی سربراہ کانفرنس کے 14 ویں سیشن کے سربراہ کی حیثیت سے سعودی عرب نے اجلاس کی صدارت کی۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved