وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی سید امین الحق سے جاپانی سفیر کی ملاقات

26  اپریل‬‮  2022

وفاقی وزیر آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن سید امین الحق سے منگل کے روز جاپان کے پاکستان میں سفیر متشوہیرو واڈا نے ملاقات کی۔وفاقی وزیر آئی ٹی نے جاپان کے سفیر کو اپنے دفتر آمد پر خوش آمدید کہا، ملاقات میں باہمی دلچسپی اور آئی ٹی وٹیلی کمیونیکیشن کے متعلق معاملات پر گفتگو ہوئی۔

اسلام آباد – (اے پی پی): ملاقات میں فریقین نے جاپان اور پاکستان کی وزارت آئی ٹی کے مابین مشترکہ تعاون کے فروغ پراتفاق کیا۔وفاقی وزیر آئی ٹی سید امین الحق نے کہا کہ پاکستان جاپان کے ساتھ تعلقات کو بڑی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، پاکستان میں آئی ٹی ماہرین اپنی صلاحیت اور قابلیت کے اعتبار سے ترقی یافتہ ممالک سے کم نہیں، آرٹیفیشل انٹیلی جنس، پروگرامنگ، اینیمیشن اور کلاؤڈ کمپیوٹنگ کے پاکستانی ماہر جاپان کیلئے سودمند ہوں گے، جاپان اپنی مانگ اور مطلوبہ قابلیت کے حوالے سے تفصیلات فراہم کرے ہم اسے پورا کریں گے، جاپانی آئی ٹی کمپنیاں پاکستان آکر ہمارے آئی ٹی ماہرین کی خدمات حاصل کرسکتی ہیں۔

سید امین الحق نے کہا کہ وزارت آئی ٹی جاپانی کمپنیوں کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کیلئے ہمہ وقت تیار ہے۔ جاپانی سفیر کو پاکستان میں وزارت آئی ٹی کے اقدامات اور آئی ٹی کے شعبے میں کی جانے والی اصلاحات پر بریفنگ بھی دی گئی۔جاپان کے سفیر نے کہا کہ پاکستان نوجوان اور باصلاحیت افراد کا ملک ہے، پاکستانی آئی ٹی ماہرین جاپان کیلئے نہایت کارآمد ہوسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جاپان کی ہیومن ریسوس کے عہدیدار جلد پاکستان کا دورہ کرکے ماہرین کی خدمات حاصل کرنا چاہیں گے۔ملاقات میں وزارت آئی ٹی کے سینئر افسران بھی موجود تھے۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved