وفاقی وزیراطلاعات مریم اورنگزیب اور وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ نے واضح کیا ہے کہ الیکشن اپنے مقررہ وقت پر ہوں گے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کو دھمکیاں دی جا رہی ہیں کہ الیکشن کروائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن اپنے مقررہ وقت پر ہوں گے، جب پاکستان کے عوام چاہے گی اس وقت الیکشن ہوگا، عمران خان کی اناء، فساد، نفرت، گالی، دھمکی، غنڈہ گردی پاکستان میں الیکشن نہیں کروائے گی۔ پاکستان میں الیکشن کمیشن انتخابات کروائے گا۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ آٹھ سال سے زیر التواء فارن فنڈنگ کیس پر انہوں نے جواب دینا ہے، آٹھ سال سے انہوں نے غیر قانونی فنڈنگ کا جواب نہیں دیا، 70 لاکھ ڈالر سے زائد کی غیر قانونی فنڈنگ ہوئی، 16 سے زائد اکاؤنٹس انہوں نے ڈیکلیئر نہیں کئے۔ انہوں نے کہا کہ اگر آٹھ سال بعد الیکشن کمیشن چلے گئے ہیں تو وہاں جا کر جواب دیں کہ 70 لاکھ ڈالر پاکستان میں منی لانڈرنگ کے ذریعے آیا تو وہ کہاں گیا، الیکشن کمیشن اگر سوال کرتا ہے تو یہ اس پر حملہ کرتے ہیں۔
دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ اب سیاست میں کوئی ہنگامہ نہیں ہوگا کیونکہ غنڈے اور بدمعاش ملک پر مسلط نہیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ الیکشن اپنے مقررہ وقت پر ہوں گے، باقی جو کرنا ہے کرو، ہم سکیورٹی دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جو قانون کو ہاتھ میں لے گا، پھر قانون اس کو ہاتھ میں لے گا۔
یاد رہے کہ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے پی ٹی آئی کارکنان کے نام پیغام میں کہا ہے کہ عید کے بعد آپ کو اسلام آباد کی کال دوں گا، ہم یہاں سے نئے الیکشن کے اعلان کے بغیر نہیں اٹھیں گے۔