وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال سے چین کی قائم مقام سفیر پینگ چونزوئی کی ملاقات

26  اپریل‬‮  2022

وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال سے چین کی قائم مقام سفیر پینگ چونزوئی نے ملاقات کی ہے۔

اسلام آباد – (اے پی پی): ملاقات میں دونوں ممالک کے مابین باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت ہوئی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ طالب علموں کے ڈگری پروگرام کی تکمیل کے مسئلے کو حل کرنے پر کام کر رہے ہیں، اس ضمن میں پہلے مرحلے میں 200 طالب علموں کو ویزے جاری کئے جا رہے ہیں،دونوں ممالک کے درمیان سی پیک منصوبوںکاہر 15 دن بعد جائزہ لینے کی تجویز دی۔

ملاقات میں سی پیک منصوبوں پر ترقیاتی کام کو تیز کرنے پر زور دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان تعلقات باہمی اقتصادی اور دفاعی تعاون کی بنیاد پر قائم ہیں، موجودہ حکومت سی پیک منصوبے کو پاک چین دوستی کا سنگ میل تصور کرتی ہے۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی نے کہاکہ سست روی کے شکار سی پیک منصوبوں کو تیز رفتاری سے بڑھایا جائے گا، سی پیک منصوبوں میں حائل تمام رکاوٹوں کو ہنگامی بنیادوں پر دور کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک سے چین اور پاکستان کے مابین تعلقات کو مزید وسعت ملی ہے،پاک چین اقتصادی راہداری سے پاکستان میں روزگار اور اقتصادی ترقی کے مواقع پیدا ہوں گے۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی نے کہاکہ یہ بدقسمتی ہے کہ سات سپیشل اکنامک زونز میں سے ایک بھی تعمیر نہیں ہوسکا ،ہماری اولین ترجیح ہے کہ جلد از جلد کسی ایک سپیشل زون کو فعال کیا جائے، جن سے سرمایہ کاری ، تجارت اور روزگار کے مواقع حاصل ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے مابین سپیس ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعاون کی ضرورت ہے۔

وفاقی وزیر نے تجویز دی کہ خلائی مشن پر پاکستانی خلا باز کو چینی خلا باز کے ساتھ جانے کا موقع دیا جائے ،تاکہ پاک چین دوستی نئی بلندیوں کو چھوئے ہمارانصب العین پاکستان میں صنعتی و اقتصادی ترقی کو عملی شکل دینا ہے، کراچی سرکلر ریلوے شہر یوں کی نقل و حمل کے مسائل کے حل کے لئے اہم منصوبہ ہے۔چھٹے جے سی سی میں کے سی آر شامل تھا ، لیکن اس پر عملدرآمد نہ ہوسکا، آئندہ  ہونے والی جے سی سی میں کے سی آر کو بھی شامل کیا جائے، کراچی میں پانی کی ضرورت کو پورا کرنے کیلئے ڈی سیلی نیشن پلانٹ قائم کرنے کی ضرورت ہے۔ اس ضمن میں چین کی حمایت اور تعاون درکار ہے۔ انہوں نے پاکستان اور چین کے مشترکہ فلم سازی کے شعبے میں تعاون پر زور دیا ہے۔ چینی قائم مقام سفیر نے وزیر منصوبہ بندی کو وزارت کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved