وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ نے پی ٹی آئی کو احتجاج کی کال پر خبردار کر دیا ہے۔
اسلام آباد – (اے پی پی): وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ اب سیاست میں کوئی ہنگامہ نہیں ہوگا، الیکشن اپنے مقررہ وقت پر ہوں گے، جو بھی قانون کو ہاتھ میں لے گا، قانون حرکت میں آئے گا، عمران خان کی کرپشن پر کوئی این آر او نہیں دیا جائے گا۔
سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کے بیان پر ردعمل پر مبنی اپنے ایک بیان میں رانا ثناءاللہ نے کہا کہ شیطان رمضان میں جھوٹ کے ساتھ نمودار ہو گیا ہے جو یہ کہتا تھا کہ تحریک عدم اعتماد ناکام ہے، ناکام ہے، ناکام ہے، وہ اس کی کامیابی کے بعد اب نیا چورن بیچنے پر آ گیا ہے، یہ وہی جھوٹا شخص ہے جو کہتا تھا اب سیاست نہیں کروں گا۔
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ اگر آٹھ سالوں بعد عمران نیازی الیکشن کمیشن جا رہا ہے تو غیرقانونی فارن فنڈنگ، منی لانڈرنگ اور چندے کے پیسے کی لوٹ مار کا جواب دینا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اب سیاست میں کوئی ہنگامہ نہیں ہوگا کیونکہ غنڈے اور بدمعاش ملک پر مسلط نہیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن اپنے مقررہ وقت پر ہوں گے، باقی جو کرنا ہے کرو، ہم سکیورٹی دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جو قانون کو ہاتھ میں لے گا، پھر قانون اس کو ہاتھ میں لے لے گا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کو تحریک عدم اعتماد میں کوئی این آر او نہیں دیا گیا اور کرپشن میں بھی کوئی این آر او نہیں دیا جائے گا۔