چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ خارجہ پالیسی صرف عوام کے مفاد کیلئے بنائی ہماری حکومت کے خلاف پہلے سازش پھر مداخلت ہوئی ہے۔
عمران خان نے لاہور میں کارکنوں کے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امپورٹڈ حکومت سے امریکا ہمیں فتح کیے بغیر کنٹرول کرے گا، امریکا نے کہا کہ اگر عمران کے خلاف تحریک عدم اعتماد ناکام ہوئی تو پاکستان کو نقصان کا سامنا ہوگا، ہماری حکومت کیخلاف پہلے سازش ہوئی پھر مداخلت ہوئی، پاکستان کے لیے یہ فیصلہ کن وقت ہے، آپ کو آنے والےدنوں کا لائحہ عمل دینے کے لیے یہاں آیا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے لیے فیصلہ کن وقت ہے اور کارکنوں نے لوگوں کو بتانا ہے کہ ملک میں سازش کے تحت امپورٹڈ حکومت مسلط کی گئی۔ یہ چوری کے پیسے کو بچانے کے لیے ملک کو غلام بنا دیں گے کیونکہ امپورٹڈ حکومت کے لوگوں کا پیسہ، جائیداد اور محلات سب باہر ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ خارجہ پالیسی صرف اپنی عوام کے مفاد میں بنائی اور سازش ہوئی۔ یہ کسی اور ملک کے مفادات کے لیے ملک کو استعمال کریں گے۔ مینار پاکستان جلسے کی کامیابی پر سب کو مبارکباد دیتا ہوں۔ میں جب کال دوں گا تو 20 لاکھ لوگ اسلام آباد پہنچیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ چیف الیکشن کمشنر ن لیگ کا ایجنٹ ہے، چیف الیکشن کمشنر کو عہدے پر رہنےکا کوئی حق نہیں، اسے استعفیٰ دینا چاہیے، یہ اکیلا فیصلے کرتا ہے اور اس کے سارے فیصلے پی ٹی آئی کے خلاف ہوتے ہیں، ہم کہتے ہیں فارن فنڈنگ کیس پر تینوں بڑی جماعتوں کے کیس اکٹھے سنے جائیں، کیوں یہ باقی دو بڑی جماعتوں کے کیس نہیں سنتے، کیوں صرف تحریک انصاف کو کٹہرے میں کھڑا کر رکھا ہے،سازش بنائی گئی کہ فارن فنڈنگ میں تحریک انصاف کے خلاف کوئی ثبوت ڈھونڈ لیا جائے۔
عمران خان نے کہا کہ کل ہم نے شب دعا کا اعلان کیا ہے آپ نے رات 10بجے دعا میں شریک ہونا ہے، مولانا طارق جمیل ملک کی حقیقی آزادی کے لیے دعا کروائیں گے، لاہور کے کارکنوں کا آنے والے دنوں میں اہم رول ہے، آپ نے گلی ،محلوں میں لوگوں کے پاس جا کر تبلیغ کرنی ہے۔