سابق وزیراعظم عمران خان سے ثاقب چیف جسٹس پاکستان ثاقب نثار نے ملاقات کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق یہ ملاقات لاہور میں عمران خان کی رہائش گاہ زمان پارک میں ہوئی، جس میں مختلف قانونی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
بعد ازاں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے سابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ میں نےعمران خان سے ملاقات ان کی خواہش پر کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملاقات میں عدلیہ کی عزت کی بات ہوئی ،اعلی عدلیہ کے تمام ججز ایماندار اور دیانتدار ہیں۔ ثاقب نثار کا مزید کہنا تھا کہ میں نے عمران خان کو عدلیہ پر تنقید سے گریز کا مشورہ دیا، اور انہوں نے میری تمام باتوں سے اتفاق کیا ہے۔
سابق چیف جسٹس پاکستان کا کہنا تھا کہ میں ریٹائرڈ ہوں کسی سے بھی مل سکتا ہوں، عمران خان نے پیغام بھجوایا کہ میں ملنا چاہتا ہوں، عمران خان نے کہا کہ عدلیہ پر تنقید سوشل میڈیا کرتا ہے، سوشل میڈیا کو ہم نہیں روک سکتے۔
یاد رہے کہ کراچی جلسے میں خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ میں نے ہمیشہ عدلیہ کی عزت کی، کبھی عوام کو عدلیہ کے خلاف نہیں بھڑکایا۔ انہوں نے کہا کہ میں نے ایسا کیا جرم کیا تھا کہ رات کو 12 بجے عدالتیں کھول دی گئیں، یہ بات ساری زندگی میرے ذہن سے نہیں نکلے گی۔