مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر مریم نواز نے مولانا طارق جمیل سے بڑا مطالبہ کیا ہے۔
واضح رہے کہ آج ایوان اقبال میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے وہاں موجود پی ٹی آئی ورکرز کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ سب لیڈرز ہیں، اور لیڈر عوام میں شعور پیدا کرتا ہے۔
پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے کہا کہ اللہ کے سب سے بڑے لیڈرز اللہ کے پیغمبر تھے، جو اللہ کا پیغام لیکر عوام کے پاس گئے۔ انہوں نے کہا کہ آپ نے لوگوں کے پاس میرا پیغام لیکر جانا ہے، آپ نے گلی محلے کے لوگوں کو تبلیغ کرنی ہے کہ اللہ کے سوا مسلمان کسی کے سامنے نہیں جھکتا۔ آپ نے لوگوں کو جاکر بتانا ہے کہ ایک سازش کے تحت ملک پر امپورٹڈ حکومت مسلط کی گئی ہے، جس کا مقصد صرف یہ ہے کہ امریکہ ان تھری سٹوجز کے ذریعے ہمارے ملک کو کنٹرول کر سکے، اور یہ اپنے چوری کے پیسے کے ذریعے ملک کو غلام بنا دیں گے۔
سابق وزیراعظم عمران خان کے بیان پر ردعمل میں مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر مریم نواز نے لاہور میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے اسلام اور انبیاء کرام کے متعلق انتہائی غیر محتاط گفتگو کی ہے۔
اس موقع پر مریم نواز نے مولانا طارق جمیل سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کو سمجھائیں کہ مذہب کے متعلق ایسے نازیبا کلمات نہ ادا کیا کرے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے قوم کو پاگل بنایا ہے، اگر انہیں پاگل خانے چھوڑ آئیں تو یہ پاگلوں کو بھی پابل کر دیں گے۔
یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے کل شب دعا منانے کا اعلان کر رکھا ہے، جس میں مولانا طارق جمیل خصوصی دعا کرائیں گے۔