قومی احتساب بیورو (نیب) نے سابق خاتون اول بشری کی قریبی سہیلی فرحت شہزادی المعروف فرح خان اور دیگر کے خلاف انکوائری کی منظوری دے دی۔
نیب کی جانب سے جاری اعلامیےکے مطابق انکوائری نامعلوم ذرائع آمدن اور منی لانڈرنگ کے الزامات پر کی جائےگی، ڈی جی نیب لاہور کو قانون کے مطابق کارروائی کا حکم دے دیا گیا ہے۔اعلامیہ کے مطابق آمدن سے زائد اثاثوں ، منی لانڈرنگ اور مختلف اکاؤنٹ رکھنے پر فرح خان کے خلاف انکوائری کی منظوری دی گئی ، فرح خان کے اثاثوں میں سال 2018کے بعد سے نمایاں اضافہ ہوا ، فرح خان کے اکاؤنٹس میں تین سال کے دوران 84 کروڑ 70 لاکھ روپے آئے ، رقوم فرح خان کے ذاتی اکاؤنٹس میں موصول ہوئیں اور جلد ہی واپس لے لی گئیں ۔
نیب کا کہنا ہےکہ اتنی رقم فرح خان کے پروفائل کے مطابق نہیں ہے، یہ رقوم فرح خان کے ذاتی اکاؤنٹ میں ڈالی گئیں اور فوری نکال لی گئیں، میڈیا رپورٹس میں فرح خان پر غیر قانونی ذرائع سے اثاثے بنانے کے الزامات لگائے گئے تھے۔خیال رہےکہ سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کی دوست فرح خان رواں ماہ کے آغاز میں دبئی روانہ ہوگئی تھیں۔