تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے امریکی مراسلے پرکمیشن بنانے کےلیے صدرمملکت اورچیف جسٹس آف پاکستان کو خط لکھنے کا فیصلہ کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق امریکی مراسلے کے مندرجات کی عدالتی کمیشن سے تحقیقات کے معاملے پر چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو خط لکھنے کا فیصلہ کرلیا۔
اس حوالے سے پی ٹی آئی کے مرکزی میڈیا ڈپارٹمنٹ کا کہنا ہے کہ امریکی دھمکیوں پر محیط پاکستانی سفیر کے مراسلے کے مندرجات کی عدالتی کمیشن سے تحقیقات کے معاملے پر عمران خان چیف جسٹس آف پاکستان کو بھی خط لکھیں گے۔
خط میں دونوں اہم ریاستی شخصیات سے امریکہ سے پاکستانی سفیر کے مراسلے اور اسکے مندرجات کی روشنی میں اب تک کی کارروائی کے بارے میں پوچھا جائے گا۔اس حوالے سے عمران خان کا کہنا ہے کہ باضابطہ ملاقات میں ہمارے سفیر کو دی جانے والی دھمکی شرمناک اور سفارتی آداب کے یکسر منافی ہے، مہذب دنیا میں ایسے تکبرانہ طرزِ عمل اور سفارتی بداخلاقی کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ قوم کی آزادی و خود مختاری کا تحفظ حکومت کے دفاع و حصول سے بالاتر فریضہ ہے۔ان کا کہنا تھا کہ مقامی غداروں نے قوم کو سامراج کے چنگل میں جکڑنے کی قیمت حکومت کی صورت میں وصول کی ہے۔