مسجد الاقصیٰ میں فلسطینیوں اور اسرائیلیوں کے درمیان جھڑپیں

29  اپریل‬‮  2022

مسجد الاقصیٰ میں جمعۃالوداع کے موقع پر اسرائیلی پولیس کے ساتھ جھڑپوں میں 42 فلسطینی زخمی ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق جھڑپیں نماز فجر کے وقت ہوئیں جب اسرائیلی فورسز نے لوگوں کو مسجد میں داخل ہونے سے روکنے کی کوشش کی۔
قبل ازیں مسجد الاقصی کے احاطے میں اسرائیلی پولیس کے ساتھ جھڑپوں میں 43 فلسطینی زخمی ہو گئے تھے۔ عینی شاہدین کا کہنا تھا کہ پولیس رمضان کی صبح کی نماز کے بعد کمپاؤنڈ میں داخل ہوئی اور ہجوم پر ربڑ کی گولیاں اور سٹن گرینیڈ فائر کیے، جن میں سے کچھ پتھر پھینک رہے تھے۔ پولیس نے آنسو گیس چھوڑنے کے لیے ڈرون کا بھی استعمال کیا۔
واضح رہے کہ مسجد الاقصیٰ میں گزشتہ 2 ہفتوں میں تقریباً 300 فلسطینی زخمی ہوچکے ہیں۔

دوسری جانب فلسطینیوں کے اظہار یکجہتی اور اسرائیل کی مبینہ جارحیت کے خلاف ہر سال رمضان کے آخری جمعہ کو دنیا بھر میں یوم القدس منایا جاتا ہے جس کا آغاز سن 1979 میں ایران کے روحانی پیشوا آیت اللہ روح اللہ خمینی نے کیا تھا۔
یوم القدس کے موقع پر دنیا بھر میں ریلیاں نکالی جاتی ہیں جس میں مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا جاتا ہے۔
اس حوالے سے پاکستان میں بھی مختلف تنظیمی رمضان کے آخری جمعے کو نماز کے بعد ملک کے مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے کرتی ہیں۔
اس دن کی مناسبت سے ایک بڑی ریلی کا اہتمام فلسطین میں بھی کیا جاتا ہے جبکہ گذشتہ سال اس ہی دن ایک ریلی کے دوران مسجد اقصیٰ میں فلسطینیوں اور اسرائیلی پولیس کے درمیان جھڑپ ہوگئی تھی جس کے نتیجے میں دیڑھ سو زائد فلسطینی اور 6 اسرائیلی پولیس اہلکار زخمی ہوگئے تھے۔
واضح رہے کہ مقبوضہ بیت المقدس اور مغربی کنارے سمیت غزہ میں اسرائیل اور فلسطینیوں کے درمیان 22 مارچ سے تشدد کے تازہ واقعات جاری ہیں جس میں اب تک 26 فلسطینی جاں بحق ہوچکے ہیں جبکہ اس دوران تین اسرائیلی پولیس اہلکاروں سمیت کم ا زکم 14اسرائیلی بھی مارے جاچکے ہیں۔
دوسری جانب اسرائیلی فورسز نے مقبوضہ مغربی کنارے میں چھاپوں کی کارروائی تیز کردی ہے اور مبینہ فلسطینی حملہ آوروں کے مکانات کو منہدم کرنے کا سلسلہ بھی جاری رکھا ہوا ہے۔
حالانکہ عالمی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیمیں اجتماعی سزا کی اس غیرقانونی شکل کی مذمت کرتی رہی ہیں۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved