کراچی یونیورسٹی میں دھماکاکرنیوالی خود کش بمبار خاتون کے شوہر نے انکشاف کیا ہے کہ اس کی بیوی ذہنی مریض تھی۔
تفصیلات کے مطابق بلوچستان کی پارلیمانی سیکریٹری برائے اطلاعات بشریٰ رند نے بتایا کہ کراچی یونیورسٹی میں دھماکا کرنے والی مبینہ خودکش بمبار کے زیر حراست شوہر کا دعویٰ ہے کہ اس کی بیوی ذہنی مریض تھی۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بشریٰ رند نے تصدیق کی کہ حملہ آور کے شوہر کو قانون نافذ کرنے والے اداروں نے گرفتار کرلیا ہے اور اس نے تفتیش کے دوران اپنی بیوی کی ذہنی کیفیت سے متعلق انکشاف کیا۔بشریٰ رند کا کہنا تھا کہ حملہ آور کے زیر حراست شوہر نے بتایا کہ اس کی بیوی ذہنی امراض کے لیے دوائیں لے رہی تھی۔
دوسری جانب چینی خبررساں ادارے کے مطابق نائب ترجمان فرحان حق نے پریس بریفنگ میں بتایا کہ سیکرٹری جنرل نے کراچی میں ہونے والے حملے کی شدید مذمت کی ہے ،متاثرین کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی ۔
نائب ترجمان فرحان حق نے مزید کہا کہ پاکستان میں اقوام متحدہ کے رہائشی اور انسانی ہمدردی کے رابطہ کار جولین ہارنیس نے بھی اس حملے کی شدید مذمت کی ہے اور اموات پر دکھ کا اظہار کیا ہے ۔ جولین ہارنیس نے کہا کہ ایسے حملے جن میں جان بوجھ کر تعلیمی مقامات اور اساتذہ کو نشانہ بنایا جا تا ہے، خاص طور پر قابل مذمت ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز کراچی یونیورسٹی میں کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ کی شٹل مسافر وین میں دھماکہ ہواجس میں 3چینی اساتذہ جاں بحق اور ایک استاد زخمی ہو گیا تھا، دھماکے میں متعدد پاکستانی زخمی ہوئے۔