بھارتی پولیس نے چھپا خزانہ ملنے کی خاطر انسانی قربانی کے طور پر اپنی بیٹی کو زندہ دفن کرنے کی کوشش کرنے والے باپ کو گرفتار کرلیا ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق بھارتی ریاست مہاراشٹر میں ایک باپ نے جہالت کی انتہا کا مظاہرہ کرتے ہوئے چھپا ہوا خزانہ ملنے کی امید میں انسانی قربانی کے طور پر بیٹی کو زندہ دفن کرنے کی کوشش کی، جسے پولیس نے بروقت کاروائی کرتے ہوئے ناکام بنا دیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس کو متاثرہ لڑکی کی دوست نے بروقت مطلع کیا، جس پر پولیس واردات سے چند لمحے قبل گھر چھاپہ مار کر لڑکی کے باپ کو ساتھیوں سمیت گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق لڑکی کا باپ دقیانوسی خیالات کا حامل ہے، اس نے اپنے گھر میں اپنی 18 سالہ بیٹی کو زندہ دفن کرنے کیلئے گڑھا کھود رکھا تھا، اور وہ انسانی قربانی کیلئے تانترک و دیگر ساتھیوں کی مدد سے مکمل رسومات کی ادائیگی کے بعد اسے دفن کرنا چاہتا تھا تاکہ اسے قربانی کے بعد چھپا ہوا خزانہ حاصل کرسکے۔
مہاراشٹر پولیس نے لڑکی کے باپ کو اقدام قتل کی دفعہ 307 اور ریپ کی دفعہ 376 کے تحت مقدمہ درج کرکے حراست میں لے لیا ہے، کیونکہ لڑکی کے باپ پر اپنی بیٹی سے جنسی زیادتی کا بھی الزام ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق لڑکی نے اس واردات سے ایک گھنٹہ قبل اپنے والد کو بات کرتے سن لیا تھا، جس میں وہ اسے زندہ دفن کرنے کی بات کر رہے تھے، اس کے بعد لڑکی نے اپنی دوست کو خطرے سے آگاہ کیا اور پولیس کو مطلع کرنے کا کہا۔
لڑکی کی دوست نے پولیس کو بروقت اطلاع دی، جس کے باعث وہ زندہ درگور ہونے سے بال بال بچ گئی۔