عمران خان نے خفیہ مراسلے کی تحقیقات کے لیے صدرِ مملکت اور چیف جسٹس کو خط لکھ دیا

30  اپریل‬‮  2022

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا کہ صدرِ مملکت اور چیف جسٹس سے گزارش ہے کہ عوام کی امیدوں پر پورا اتریں۔
سابق وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے لکھے گئے خط میں صدر سے بطور سربراہِ ریاست اور کمانڈران چیف افواجِ پاکستان فوری کارروائی کی سفارش کی گئی۔خط میں پاکستان کی خودمختاری و جمہوریت کو لاحق مبینہ خطرے کی عوامی تحقیقات کی استدعا کی گئی۔خط کے متن کے مطابق امریکی اسسٹنٹ سیکرٹری آف اسٹیٹ نے دیگر حکام کے ہمراہ ہمارے سفیر سے باضابطہ ملاقات کی اور اس ملاقات پر بھجوائی تمام تفصیلات خفیہ مراسلے کی شکل میں آپ کے پاس ہیں۔عمران خان کی طرف سے لکھے گئے خط میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ خفیہ مراسلے کی رپورٹ میں امریکی انڈر سیکرٹری آف اسٹیٹ کی گفتگو واضح بیان کی گئی ہے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ عدالتِ عظمیٰ سازش کے کرداروں کے تعین کیلئے کمیشن بنائے جو کھلے عام معاملے کی تحقیقات کرے۔عمران خان یہ بھی کہنا تھا کہ عوام سچ اور تبدیلی اقتدار کی بیرونی سازش میں ملوث کرداروں سے متعلق جاننا چاہتےہیں، ایوانِ صدر اور عدالتِ عظمیٰ کی معاملے پر خاموشی سے عوام میں شدید مایوسی پھیل رہی ہے۔
خط کے متن کے مطابق اپنے جمہوری حق پر بیرونی سازش کی شکل میں پڑنے والے ڈاکے پر عوام سراپا احتجاج ہیں، عوام حصولِ انصاف کیلئے عدالتِ عظمیٰ و سربراہِ ریاست کی جانب نظریں لگائے ہوئے ہیں، صدر مملکت اور چیف جسٹس سے گزارش ہے عوام کی امیدوں پر پورا اتریں۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved