پارلیمنٹ میں 70 بل پاس ہوئے، اپوزیشن کو 70 بار شکست ہوئی، فواد چوہدری

17  ‬‮نومبر‬‮  2021

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے پارلیمان کے مشترکہ اجلاس میں ای وی ایم، انتخابی اصلاحات بل سمیت اہم بلوں کی منظوری پر قوم بالخصوص سمندر پار پاکستانیوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج سے ووٹنگ کا پرانا نظام ختم ہو گیا ہے، آئندہ انتخابات الیکٹرانک ووٹنگ مشینز پر ہوں گے۔

آج پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ انتخابی اصلاحات پر بدقسمتی سے اپوزیشن کا رویہ منفی رہا، پارلیمان میں 70 بلوں کی منظوری پر اپوزیشن کو ستر مرتبہ شکست کا سامنا کرنا پڑا، اپوزیشن کو آج کی شکست طویل عرصے تک یاد رہے گی، اپوزیشن سیاسی بونوں کے اتحاد میں جمع ہے جس کا نام پی ڈی ایم ہے۔مارشل لاءکی گود میں پرورش پانے والوں کی سیاست ہمیشہ دوسروں کے کندھوں پر رہی ہے، نواز شریف اینڈ کمپنی نے ساری زندگی کرکٹ بھی اپنے ایمپائروں کے بغیر نہیں کھیلی، صبح ہی بتا دیا تھا کہ بلاول اور شہباز شریف شکست خوردہ لوگ ہیں، اپوزیشن اس وقت مایوسی کا شکار ہے، ان کی مایوسیوں میں مزید اضافہ ہوگا، آج پاکستان کی پارلیمانی تاریخ کا اہم ترین اور تاریخی دن ہے۔

انتخابی اصلاحات کیلئے ڈیڑھ سال محنت کی

انہوں نے کہا کہ پارلیمان کے مشترکہ اجلاس میں ای وی ایم، انتخابی اصلاحات بل سمیت اہم بلوں کی منظوری پر پوری قوم مبارکباد کی مستحق ہے، طویل جدوجہد کے بعد آج بیرون ملک مقیم 90 لاکھ پاکستانیوں کو ووٹ کا حق استعمال کرنے کی سہولت کا قانون منظور ہوا ہے جس پر سمندر پار پاکستانیوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ آج سے ہمارا ووٹنگ کا پرانا نظام ختم ہو گیا ہے،آئندہ انتخابات الیکٹرانک ووٹنگ مشینز پر ہوں گے، انتخابی اصلاحات پر ہم نے ڈیڑھ سال کوشش کی کہ اس پر اتفاق رائے پیدا ہو سکے، اس اتفاق رائے کے لئے وزیراعظم اور سپیکر قومی اسمبلی سمیت پی ٹی آئی کی پوری قیادت نے کوشش کی، بدقسمتی سے انتخابی اصلاحات پر اپوزیشن کا رویہ منفی رہا جس پر ہمیں یہ قانون اکیلے ہی پاس کرنا پڑے۔

ثابت ہو گیا کہ پی ٹی آئی ملک کی سب سے بڑی جماعت ہے

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ صبح ہی بتا دیا تھا کہ بلاول اور شہباز شریف شکست خوردہ لوگ ہیں، آج اہم معاملات پر اپوزیشن کو ہونے والی شکست طویل عرصے تک یاد رہے گی۔انہوں نے کہا کہ آج ثابت ہو گیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف ملک کی سب سے بڑی جماعت ہے، پی ٹی آئی نے آج سینیٹ اور قومی اسمبلی کے 223 ووٹ شو کئے جس کے مقابلے میں اپوزیشن کے ووٹوں کی تعداد بہت کم تھی، حکومت کو صرف قومی اسمبلی ہی نہیں بلکہ سینیٹ میں بھی برتری حاصل ہے۔

چیئرمین سینیٹ کے خلاف تحریک اعتماد کا سوچنے والوں کی آنکھیں کھل گئی ہوں گی

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ جو لوگ یہ خواب لے کر بیٹھے ہوئے تھے کہ وہ چیئرمین سینیٹ کے خلاف تحریک عدم اعتماد لائیں گے، آج ان کی آنکھیں کھل گئی ہوں گی، ایسے لوگوں کو اپنی سیاسی حیثیت کا پتہ لگ گیا ہوگا۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ آج پارلیمان میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین، اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے سمیت اہم قانون سازی ہوئی، اینٹی ریپ ترامیم، خواتین اور بچوں کے لئے ترامیم پیش کی گئی ہیں۔

ان ترامیم کے تحت خصوصی عدالتیں قائم ہوں گی اور ریپ کے کیسز کو دیکھنے کے لئے خصوصی انوسٹی گیشن سیل تشکیل دئیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے خواتین کے لئے وراثت کے قانون میں ترامیم لا کر سہولتیں پیدا کی ہیں، آج تک کسی حکومت نے اس بارے میں سوچا تک نہیں تھا۔

اپوزیشن میں قیادت کا فقدان ہے

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ اپوزیشن نے شیڈول بنا رکھا ہے کہ ایک ہفتہ فوج کے خلاف بیانات دینے ہیں، دوسرے ہفتے فوج سے ڈیل کرنی ہے، تیسرے ہفتہ عدلیہ کے خلاف ہونا ہے اور چوتھے ہفتہ عدلیہ سے ڈیل کرنی ہے، اپوزیشن میں قیادت کا انحطاط ہے۔یہ سیاسی بونے ایک ایسے اتحاد میں جمع ہیں جس کا نام پی ڈی ایم ہے، شہباز شریف اور بلاول بھٹو نے آج جو تقاریر کیں یہ شکست خوردہ اور تھکے ہوئے پہلوانوں کی تقاریر تھیں، یہ سارے اس وقت مایوسی کے عالم میں ہیں، ان کی مایوسیوں میں مزید اضافہ ہوگا۔

اپوزیشن رویہ بدلے، بات چیت کیلئے تیار ہیں

 چوہدری فواد حسین نے کہا کہ تحریک انصاف نے پاکستان کے عوام کے لئے آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کی بنیاد رکھی ہے، وزیراعظم عمران خان اور تحریک انصاف نے ہمیشہ اتفاق رائے کی بات کی ہے۔ جب ہم نے اپوزیشن کو اتفاق رائے کیلئے بات کرنے کی دعوت دی تو انہوں نے ہماری آفر ٹھکرا دی۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن اپنی ضد چھوڑے، یہ ہمیں نہیں ہرا سکتی، اپوزیشن نے پہلے سال زور لگایا ہمیں نہیں نکال سکی، دوسرے سال زور لگایا ناکام رہی، اب تیسرے سال بھی یہ ناکام ہو گئی ہے۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ یہ تھکے ہوئے پہلوانوں کا کام نہیں ہے،

اپوزیشن اپنی حکمت عملی میں تبدیلی لائے، قومی مفاد میں قوانین کو ہم آگے بڑھانے کے لئے تیار ہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ آج پارلیمان میں ستر بلوں پر ووٹنگ ہوئی، ستر مرتبہ اپوزیشن کو شکست ہوئی، اپوزیشن سے کہنا چاہتا ہوں کہ ”ہن خوش ہو“۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عدالت میں ہر چیز چیلنج ہو سکتی ہے، پارلیمنٹ کی کارروائی ہے، دونوں ایوانوں نے ان بلوں کی منظوری دی ہے، انہیں چیلنج کرنا آسان نہیں ہوگا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ اپوزیشن کو دعوت دیتا ہوں کہ اسے ایوان کی 70 مرتبہ گنتی پر یقین نہیں تو میڈیا میں اپنے 224 لوگ ظاہر کر دے۔

انہوں نے کہا کہ اتحادیوں نے جس طرح ہمیں سپورٹ کی اس پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں، تحریک انصاف کے اتحادی سیسہ پلائی دیوار کی طرح ہمارے ساتھ کھڑے ہیں۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ الیکشن کس طرح ہونے ہیں وہ پارلیمان نے طے کرنا ہے، الیکشن کرانا الیکشن کمیشن کا کام ہے۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved