اسپیکر قومی اسمبلی نے اتوار کے روز کراچی یونیورسٹی میں دہشتگردی کے حالیہ المناک واقعے میں ہونے والے جانی نقصان پر تعزیت کے لیے اسلام آباد میں قائم چین کے سفارت خانے کا دورہ کیا۔
اسلام آباد – (اے پی پی): میڈیا ڈائریکٹوریٹ کی طرف سے جاری پریس ریلیز کے مطابق سپیکر قومی اسمبلی نے کراچی یونیورسٹی میں حالیہ خودکش بم دھماکے میں ہلاک ہونے والے چینی ماہرین تعلیم کے قیمتی جانوں کے نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے اس بزدلانہ اور گھناؤنے دہشتگرد حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایسا واقعہ پاکستان اور چین کے مشترکہ دشمنوں نے کیا کیونکہ وہ دونوں ممالک کے مابین بڑھتے ہوئے معاشی اور اقتصادی تعلقات اور خوشحالی سے خوفزدہ ہیں۔
سپیکر نے اپنے پیاروں کو کھونے والے چینی شہریوں اور متاثرین کے خاندانوں کے ساتھ اپنی ہمدردی کا اظہار کیا۔ دونوں اطراف سے اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ دشمنوں کو دونوں دوست ممالک کے مابین خوشگوار تعلقات کو خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین انتہائی قریبی دوست، بھائی اور اقتصادی شراکت دار ہیں پاکستان چینی شہریوں کی حفاظت، پاکستان میں جاری منصوبوں کو بہت اہمیت دیتا ہے۔
سپیکر نے چینی حکام کو یقین دلایا کہ حکومت پاکستان مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے گی۔انہوں نے کہا کہ ہمارے سیکیورٹی ادارے اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے جب تک اس واقعہ میں ملوث افراد کو سزا نہیں دی جاتی۔ سپیکر قومی اسمبلی نے چین کے عوام، پارلیمنٹ اور حکومت کو اپنی پارلیمنٹ کی جانب سے اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔
چین کی قائم مقام سفیر محترمہ پنگچونکسو نے دورہ کرنے اور ہمدردی کے اظہار پر اسپیکر قومی اسمبلی کا شکریہ ادا کیا اور بھرپور تعاون پر حکومت پاکستان، سیکورٹی ایجنسیوں کے کردار کو بھی سراہا اور مجرموں کی تلاش کے لیے کام کوششوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔سپیکر نے آزمائش کی گھڑی میں پاکستانی حکام کے ساتھ تعاون کرنے پر چینی سفیر کی قیادت میں چینی سفارتخانے اور عملے کے کردار کو بھی سراہا۔