انسانی حقوق کمیشن پاکستان نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ پی ٹی آئی کے سینئر رہنماؤں کے خلاف درج مقدمات فوری واپس لئے جائیں۔
تفصیلات کے مطابق ایچ آرسی پی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی کے سینئر رہنماؤں پر جو مقدمات سیکشن 295 اے کے تحت درج کئے گئے ہیں انہیں واپس لیا جائے۔
انسانی حقوق کمیشن پاکستان کا کہنا تھا کہ کوئی بھی حکومت یا سیاسی جماعت مخالفین کیخلاف توہین مذہب کا الزام بطور ہتھیار استعمال کرنے کی متحمل نہیں ہوسکتی۔
یاد رہے کہ کراچی،فیصل آباد، اٹک، بورےوالا، گوجرہ میں توہین مسجد نبویﷺ کے الزامات پر چیئرمین سمیت پی ٹی آئی کی قیادت پر مقدمات درج کئے گئے ہیں، جن میں عمران خان، فواد چوہدری، شیخ رشید، شہباز گل راشد شفیق، صاحبزادہ جہانگیر، انیل مسرت، نبیل مسرت، رانا عبدالستار سمیت 150افراد کو ملزم نامزد کیا گیاہے۔