پاکستان تحریک انصاف نے توہین مذہب کے مقدمات کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سمیت دیگر رہنماؤں پر توہین مذہب کے مقدمات کے خلاف فواد چوہدری نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے انتہائی فوری نوعیت کے مقدمات چھٹی کے روز بھی سننے کا سرکلرجاری کررکھا ہے جس کے تحت عید کی چھٹیوں میں بھی انتہائی فوری نوعیت کی پٹیشنز دائر کی جاسکتی ہیں۔
دوسری جانب توہین مذہب کے مقدمات پر پی ٹی آئی کی درخواست آج ہی فوری سماعت کیلئے مقرر کر دی گئی ہے، چیف جسٹس اطہر من اللہ اسلام آباد ہائیکورٹ پہنچ گئےہیں، اور تھوڑی ہی دیر بعد سماعت کا آغاز ہو گا۔
یاد رہے کہ مسجد نبوی ﷺ میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے پر سابق وزیراعظم عمران خان، فواد چوہدری، شہباز گل اور شیخ رشید سمیت 150 افراد کے خلاف توہین مذہب کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔