پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان نے کپتان کی کال پرملک کے مختلف شہروں میں احتجاجی ریلیاں نکالیں۔
ریلی میں شریک ہزاروں کارکنان نے پاکستان اور پی ٹی آٗئی کے پرچم اٹھا رکھے ہیں۔ سرگودھا میں ریلی کی قیادت رکن صوبائی اسمبلی عنصرمجید نیازی اورڈاکٹر نادیہ عزیزنے کی۔
اس موقع پر کارکنان نے امپورٹڈ حکومت نامنظور کے فلک شگاف نعرے لگائے، ریلی کے شرکا نے عمران خان کے حق میں نعرے بازی کی۔
ریلی کے شرکا سے خطاب میں عنصر مجید نیازی کا کہنا تھا کہ ہم عمران خان کی کال پر پاکستان کی خود مختاری اورسلامتی کے لیے گھروں سے باہر نکلے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ لانگ مارچ کی تیاریوں کا آغاز ہے‘ لانگ مارچ ابھی نکلنا ہے‘ پاکستان میں حقیقی جمہوریت صرف اور صرف شفاف اور آزاد انتخابات میں ہے۔
عوام کا اقتدارجب تک عوامی نمائندوں کونہیں دیا جاتا اس وقت تک یہ ملک آزاد نہیں ہوسکتا۔ ہم اس امپورٹڈ حکومت کو نامنظورکرتے ہیں‘ یہ اب انتقامی کارروائیوں پر اتر آئے ہیں۔
گوجرانوالا میں بھی عمران خان کی کال پرتحریک انصاف کے کھلاڑی سڑکوں پر نکل آئے۔ ریلی گوندلانوالہ چوک سے ہوتی ہوئی جی ٹی روڈ پر اختتام پذیر ہوئی۔
ریلی میں شریک کارکنان نے وزیراعظم عمران خان اورامریکا کے خلاف بھی نعرے بازی کی۔