وزیراعظم شہباز شریف کا ابوظہبی کے ولی عہد کو ٹیلی فون، معاشی ٹیم بھیجنے پر اظہار تشکر

3  مئی‬‮  2022

وزیراعظم شہبازشریف نے متحدہ عرب امارات کی مسلح افواج کے ڈپٹی سپریم کمانڈر اور ابوظہبی کے ولی عہد شہزادہ محمد بن زید النہیان کو ٹیلی فون کرکے انہیں اور یو اے ای کے برادر عوام کو عیدالفطر کی مبارکباد پیش کی۔

اسلام آباد – (اے پی پی): منگل کے روز وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے یو اے ای کی قیادت کی اچھی صحت اور برادر اماراتی عوام کے امن وخوشحالی کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ ابو ظبی کے ولی عہد نے وزیراعظم پاکستان کو عید کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے خیرسگالی کے جذبات کا اظہار کیا۔

انہوں نے دونوں برادر ممالک کے درمیان تعاون پر مبنی طویل المدتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم شہبازشریف نے یواے ای کے اپنے حالیہ دورے کے دوران ولی عہد کے ساتھ اپنی تفصیلی مشاورت کا حوالہ دیتے ہوئے اپنے اور اپنے وفد کی پرتپاک میزبانی پر ولی عہد کا شکریہ ادا کیا۔

وزیراعظم نے زور دیا کہ باہمی مفاد میں دوطرفہ تعاون خاص طور پر تجارت، سرمایہ کاری اور معاشی تعاون کو مزید تیز کرنے کے لئے وہ یو اے ای کی قیادت کے ساتھ مل کر کام کرنے کے خواہاں ہیں۔وزیراعظم نے اپنے یو اے ای کے حالیہ دورے کے فوری بعد متحدہ عرب امارات کا معاشی وفد بھجوانے پر ولی عہد کا شکریہ ادا کیا جو دونوں برادر عوام کے درمیان دوطرفہ تعلقات میں ایک نئے باب کا اضافہ ہے۔ وزیراعظم نے ولی عہد کو اپنی اولین فرصت میں پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت دی۔ دونوں رہنمائوں نے دوطرفہ اشتراک عمل اور عالمی سطح پر تعاون کے مزید فروغ کے لئے قریبی رابطہ استوار رکھنے پر اتفاق کیا۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved