وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمران خان کی سیاست کا لیول ہی اب فرح گوگی کا دفاع رہ گیا ہے۔
اسلام آباد – (اے پی پی): وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ، ترقی و اصلاحات احسن اقبال نے کہا ہے کہ مضبوط معیشت ہی مضبوط اور آزاد پاکستان کی ضمانت ہے،عمران نیازی کی سیاست کا لیول فرح گوگی کا دفاع رہ گیا ہے۔
اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ عمران نیازی اپنی سیاست بچانے کے لئے پوری قوم کو امریکہ کا غلام ثابت کر رہے ہیں، پاکستانی قوم خوددار اور باوقار قوم ہے۔
انہوں نے کہا کہ 28 مئی 1998ء کے بعد کوئی پاکستان کو ڈکٹیشن نہیں دے سکتا، عمران خان ذہنی پستی میں جا رہے ہیں پاکستان غلامی میں نہیں جا رہا ہے، مضبوط معیشت ہی مضبوط اور آزاد پاکستان کی ضمانت ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ عمران نیازی بتائیں کیا 2018 میں امریکہ انہیں دھاندلی سے اقتدار میں لایا تھا؟، دھاندلی کی حکومت کو جمہوری قوتوں نے آئینی طریقہ سے نکالا، عمران نیازی دنیا میں پاکستان کو تنہا کر کے دشمنوں کے ایجنڈے کو پورا کر رہے ہیں، اگر سازش کے کرداروں کا پتہ ہے تو قوم کے سامنے رکھیں ڈرامہ نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ عمران نیازی کی سیاست کا لیول فرح گوگی کا دفاع رہ گیا ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا پریس کانفرنس میں کہنا تھا فرح گجر بے قصور ہے، انہیں صرف اس لئے انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، کیونکہ وہ بشریٰ بیگم کی دوست ہیں۔