افغانستان میں طوفانی بارشوں کے باعث پیدا ہونے والی سیلابی صورت حال میں کم از کم 20 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔
افغانستان کے 10 صوبوں میں ہونے والی طوفانی بارشوں کے باعث سیلابی صورت حال پیدا ہوئی اور بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان بھی ہوا۔افغانستان کے جو صوبے شدید بارشوں سے متاثر ہوئے ان میں قندھار، ہلمند، ہرات، بدخشاں، تاخار، پروان، قندوز، میدان وردک، بغلان، فریاب اور جوزان شامل ہیں۔
وزیرِ اعظم میاں محمد شہباز شریف نے افغانستان میں سیلاب کے باعث جانی و مالی نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہاں امداد بھجوا رہے ہیں۔جاری کیے گئے ایک بیان میں وزیرِ اعظم شہباز شریف نے افغان عبوری حکومت اور عوام سے اظہارِ یکجہتی کیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ عالمی برادری افغانستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں سے نمٹنے کے لیے ہنگامی امداد کے لیے آگے آئے۔