وفاقی حکومت نے سابق وزیراعظم عمران خان کی جانب سے لگائے گئے تحریک عدم اعتماد کے پس پردہ بیرونی سازش کے الزامات پر تحقیقاتی کمیشن بنانے کا اعلان کیا ہے۔
آج اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان جو بیرون ملک سازش کی گردان لے کر بیٹھے ہیں، وہ دراصل گوگی بچاؤ تحریک ہے، کیونکہ کوئی بیرونی سازش نہیں ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ 7 تاریخ کو خط اور 28 تاریخ کو کاغذ لہرایا جاتا ہے اور جو بیرون ملک سازش کر رہا تھا اسے 16 مارچ کو ایمبیسی میں اہم مقرر کے طور پر بلایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کو بیرونی سازش اس وقت یاد آئی جب ان کے اپنے اتحادی اور ممبران انہیں چھوڑ کر چلے گئے۔ انہوں نے کہا کہ جب ان کی نمبر گیم ختم ہوئی تو انہوں نے کاغذ لہرا کر کہا کہ میرے خلاف بیرونی سازش ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے جلسوں کا شیڈول گوگی کو بچانے کے لئے دباؤہے۔
فرح گوگی کے ہاتھوں پنجاب میں دونوں ہاتھوں سے لوٹ مار ہوئی، پاکستان کے عوام کو لوٹا گیا، جن افسران کے ذریعے پیسے کمائے گئے اس کی تفصیل بھی آ چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فرح گوگی کو بچانے کے لئے انہوں نے بیرون ملک سازش کا ڈھونگ رچایا، تماشا لگایا لیکن پاکستان کے عوام ان کے ڈرامے کو سمجھ چکی ہے کہ یہ تماشا صرف اور صرف فرح گوگی کو بچانے کے لئے ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ اب یہ تماشا نہیں چلے گا، الزامات کی گردان بند ہونی چاہئے۔
بیرون ملک سازش کا ڈھونگ رچا کر یہ لوگ اپنی نااہلی، نالائقی اور لوٹ مار کو چھپانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ملکی معیشت کو تباہ کیا، پچھلے چار سال مافیاز اور کارٹلز کا راج تھا جنہوں نے غریب عوام کو لوٹا، ان کی روٹی چھینی، آٹا اور چینی چھینی، اب یہ سلسلہ بند ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ اپنی نالائقی اور نااہلی کو بیرون ملک سازش کا لبادہ اڑا کر پاکستان کے عوام کو بے وقوف نہیں بنایا جا سکتا۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ حکومت نے بیرون سازش کے حوالے سے الزام تراشی پر ایک غیر جانبدار اور آزاد انکوائری کمیشن بنانے کا فیصلہ کیا ہے جو اس سازش کا منصفانہ طریقے سے فیصلہ کرے گا اور اس کی تمام انکوائری پاکستان کے عوام کے سامنے رکھی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان فرح گوگی بچاؤتحریک کے لئے پاکستان کو نقصان پہنچا رہے ہیں، چار سال ملک پر مسلط ہو کر انہوں نے خارجہ پالیسی کو نقصان پہنچایا، کشمیر فروشی کی، مودی کے کمپین منیجر بنے۔ انہوں نے کہا کہ اب وہ الزام تراشیوں کے ذریعے صرف گوگی بچاؤتحریک کے لئے ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا رہے ہیں۔
حکومت پاکستان نے فیصلہ کیا ہے کہ یہ جو تماشہ لگایا گیا ہے بیرون ملک سازش کا,یہ جو دن رات الزام تراشی کی جارہی ہے اس پر انکوائری کمیشن بنایا جارہا ہے.یہ انکوائری کمیشن غیر جانبدار ہوگا اور یہ کمیشن منصفانہ فیصلہ کرے گا کہ یہ بیرونی سازش ڈرامے کے اصل کردار کون ہیں.@Marriyum_A pic.twitter.com/EvFHwW3zAe
— PML(N) (@pmln_org) May 5, 2022
انہوں نے کہا کہ آزاد انکوائری کمیشن منصفانہ طریقے سے اس تمام سازش کی تحقیقات کرے گا، ملک کو نقصان پہنچانے والوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سلیکٹڈ سازشی ٹولے نے عوام کو لوٹا، توشہ خانہ اور بیت المال کو لوٹا، وہ اب بچ نہیں سکتا۔ انہوں نے کہا کہ کمیشن کے ٹرمز آف ریفرنس کابینہ کے اگلے اجلاس میں رکھے جائیں گے، کابینہ سے منظوری کے بعد اس کمیشن کا سربراہ مقرر کیا جائے گا جس پر کوئی انگلی نہیں اٹھا سکے گا۔انکوائری رپورٹ پاکستان کے عوام کے سامنے رکھی جائے گی۔
اس انکوائری کے مکمل ہونے کے بعد انکوائری کمیشن کا جو بھی فیصلہ ہوگا اس کے مطابق وہ لوگ جنہوں نے اپنی جھوٹی سیاست کیلیے اس ملک کو استعمال کیا جنہوں نے یہ الزامات لگائے جس کا ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچ رہا ہے ان سب کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائیگا.@Marriyum_A pic.twitter.com/Qp7JwVObme
— PML(N) (@pmln_org) May 5, 2022