عالمی برادری افغانستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں کے بعد مدد کیلئے آگے بڑھے، وزیراعظم

5  مئی‬‮  2022

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے افغانستان کے 10 صوبوں میں سیلاب، قیمتی جانوں اور مالی نقصانات پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیاہے اور افغان عبوری حکومت اور عوام کے ساتھ یکجہتی کا اعادہ کرتے ہوئے جاں بحق ہونے والوں کے خاندانوں اور دیگر متاثرین سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے، عالمی برادری افغانستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں سے نمٹنے کے لئے افغان عوام کی ہنگامی امداد کے لئے آگے بڑھے۔

اسلام آباد – (اے پی پی):  وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے افغانستان کے سیلاب زدگان سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے عالمی برادری اور او آئی سی افغان ہیومینٹیرین ٹرسٹ کے فورم سے متاثرہ افغان عوام کی مدد کی کوششوں کو تیز کرنے کا بھی مطالبہ کیا اور کہا کہ سیلاب کے نتیجہ میں افغانستان میں پہلے سے جاری انسانی بحران میں مزید شدت پیدا ہونے کا خدشہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بروقت اقدامات نہ ہوئے تو جانی نقصانات بڑھنے کا خطرہ ہے جس کیلئے فوری ہنگامی اقدامات درکار ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ خوراک، طبی امداد، بے گھر افراد کو پناہ گاہوں کی فراہمی کے لئے عالمی برادری خاص طور پر اقوام متحدہ افغانستان کی مدد کا پروگرام شروع کرے ۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان کی مشکل کی اس گھڑی میں افغان عوام کے ساتھ ہیں، ہر ممکن امداد کریں گے ۔ وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو افغانستان کے سیلاب سے متاثرہ عوام کو امداد کی فراہمی کا بھی حکم دیا اور کہا کہ پاکستان متاثرین کے لئے ہنگامی امداد بھجوا رہا ہے۔ وزیراعظم نے جاں بحق ہونے والوں کی مغفرت اور اہلخانہ کے لئے صبر جمیل کی بھی دعا کی۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved