تحریک لبیک کے سربراہ علامہ سعد رضوی کو رہا کر دیا گیا

18  ‬‮نومبر‬‮  2021

تحریک لبیک پاکستان کے ترجمان ابن اسماعیل کا کہنا ہے کہ ان کے سربراہ سعد حسین رضوی کو لاہور کی کوٹ لکھپت جیل سے رہا کر دیا گیا ہے۔

ترجمان ٹی ایل پی نےبتایا کہ سعد رضوی تھوڑی دیر تک  چوک یتیم خانہ میں ٹی ایل پی کے مرکز پہنچ کر کارکنوں سے خطاب کریں گے۔

یاد رہے کہ فرانسیسی سفیر کی ملک  بدری کیلئے ٹی ایل پی کے احتجاج کے بعد سعد حسین رضوی 12 اپریل 2021ء  کو لاہورسے 3 ماہ کیلئے حراست میں لیا گیا تھا۔ بعد ازاں پنجاب حکومت صوبے میں امن وامان قائم رکھنے کیلئے ان کی حراست میں توسیع کرتی رہی تھی۔

یکم اکتوبر کو لاہور ہائی کورٹ کے سنگل بینچ نے سعد رضوی کی نظر بندی کو کالعدم قرار دیا تھا جس کے خلاف حکومت نے اپیل دائر کی تھی۔ بعدازاں حکومت پنجاب نے سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا جس پر عدالت نے 12 اکتوبر  2021ءکو سنگل بینچ کے حکم پر عمل درآمد معطل کردیا تھا اور ڈویژن بینچ کے نئے فیصلے کیلئے کیس کا ریمانڈ دیا تھا۔

ٹی ایل پی قیادت نے 19 اکتوبر 2021ء کو عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر نکالے گئے جلوس میں اپنے قائد سعد رضوی کی رہائی کا مطالبہ کیا اور جلوس کو دھرنے میں بدل دیا۔

اس کے بعد 31 اکتوبر 2021ء کو حکومت اور ٹی ایل پی کے مذاکرات کامیاب ہو گئے، جس کے نتیجے میں ٹی ایل پی نے اپنا دھرنا جی ٹی روڈ وزیر آباد سے ٹی ایل پی مرکز یتیم خانہ لاہور منتقل کر دیا، جہاں ابھی کچھ دیر بعد علامہ سعد رضوی خطاب کریں گے۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved